0
Saturday 15 Feb 2014 00:49

سندھ حکومت کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری مستعفی ہوجانا چاہیئے، خالد محمود سومرو

سندھ حکومت کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری مستعفی ہوجانا چاہیئے، خالد محمود سومرو
اسلام ٹائمز۔جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر کنٹرول نہ کرنے اور جے یو آئی کے رہنمائوں سمیت دیگر مغویوں کی عدم بازیابی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اسے سندھ حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے اور متنبہ کیا ہے کہ اگر جلد مغوی بازیاب نہیں کرائے گئے تو جے یو آئی سندھ بھر میں احتجاج کرے گی۔ سکھر میں جے یو آئی کے ترجمان مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق جے یو آئی سندھ کے رہنما اور سابق سینیٹر علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے جنوبی افریقہ کے نجی دورے سے واپسی کے بعد سکھر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سندھ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب اور قبائلی علاقوں سے بھی بدتر ہوچکی ہے، سندھ کا کوئی شہر محفوظ ہے نہ شاہراہ، لوٹ مار اور ڈاکا زنی کے واقعات عام اور روزانہ کا معمول بن چکے ہیں، دن دہاڑے لوگوں کو اغوا کرکے لاپتا کردیا جاتا ہے مگر حکومت ٹس سے مس ہونے کیلئے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر حکومت یہ ذمہ داری ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، اس لئے اب اس کے مزید برسر اقتدار رہنے کا کوئی جواز نہیں، اسے اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری مستعفی ہوجانا چاہیئے۔ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا کہ کافی عرصہ گزر جانے پر شدید احتجاج اور حکومتی وعدوں کے باوجود جے یو آئی کے مغوی رہنما اور کارکن بازیا ب نہیں کرائے جاسکے، اس لئے اب جلد سکھر میں جے یو آئی کا اجلاس طلب کر کے پورے صوبے میں زبردست احتجاج کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 351743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش