0
Sunday 9 Mar 2014 11:59
اسکائوٹ سلامی سے برسی کی تقریبات کا آغاز

شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے اپنی جان دیکر پاکستان کے جوانوں کی رہنمائی کی، اطہر عمران طاہر

شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے اپنی جان دیکر پاکستان کے جوانوں کی رہنمائی کی، اطہر عمران طاہر
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے بانی رہنما اور سابق مرکزی صدر شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کی تقریبات ان کے مزار علی رضا آباد لاہور میں جاری ہیں۔ آج آخری روز کی تقریبات کا آغاز مزار شہید پر اسکائوٹ سلامی سے ہوا۔ جس میں امامیہ اسکائوٹس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، اس موقع پر آئی ایس او کے کارکنوں اور سابقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اطہر عمران طاہر، امامیہ چیف اسکائوٹ علی مہدی اور ممتاز عالم دین علامہ ابوذر مہدوی نے تقریب کی صدارت کی۔
 
مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اطہر عمران طاہر نے اپنے خطاب میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی ملی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے اپنی جان دے کر پاکستان کے جوانوں کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کا جرم بھی یہی تھا کہ وہ ملت کو بیدار کر رہے تھے اور استعمار یہ نہیں چاہتا تھا کہ ملت اسلامیہ پاکستان بیدار ہو اور اسی جرم میں علامہ شہید عارف حسین الحسینی کو بھی شہید کیا گیا۔ استعمار نے ان عظیم رہنمائوں کو شہید کرکے یہ سمجھا کہ وہ نوجوانوں سے قیادت چھین لیں گے اور ان کی بیداری کا عمل روک دیں گے، لیکن شہداء کے خون نے اپنی تاثیر دکھائی اور نوجوانوں کی رہنمائی و بیداری کا سلسلہ جاری ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ ابوذر مہدوی نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی شخصیت نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے اور آج بھی نوجوان دینی شعور کے لئے شہید ڈاکٹر کی شخصیت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے نوجوانوں کی بیداری پر بالخصوص کام کیا اور علماء سے تمسک رکھا، اسی تمسک کی بدولت انہوں نے نوجوانوں کی دین اسلام پر رہنمائی کی اور انہیں حقیقی معنوں میں شریعت محمدی سے روشناس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی پوری زندگی علماء کی محافل میں گزری، انہوں نے علما کو بھی متحرک کیا اور نوجوانوں کو بھی علماء کے ساتھ مربوط کرکے ایک ایسا سسٹم وضع کر دیا جو رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 359721
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش