0
Sunday 9 Mar 2014 00:48

لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس شیعہ و سنی وحدت کا عظیم الشان مظہر ہوگی، علامہ ناصر عباس جعفری

لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس شیعہ و سنی وحدت کا عظیم الشان مظہر ہوگی، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملک اور اسلام دشمن طالبان دہشت گرد پاکستان کے معصوم عوام کو قتل کر رہے ہیں اور حکمران طالبان دہشت گردوں اور عوام کے قاتلوں کو تحفظ دینے میں مصروف عمل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر پریس کلب میں سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی، سیکرٹری سیاسیات عبداللہ مطہری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عالم کربلائی اور سکھر ڈویژن کے سیکرٹری جنرل چوہدری اظہر حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ اولیاء اللہ کی سرزمین سندھ کے علاقے خیرپور میں سولہ مارچ کو ہونے والی لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس ملک کی تاریخ میں شیعہ و سنی مسلمانوں کی وحدت کا عظیم الشان مظہر ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس میں ملک کی مایہ ناز شخصیات، دانشور، جید علمائے کرام، شہداء کے خانوادوں سمیت اہم ترین شخصیات شرکت کریں گی۔

انہوں نے سکھر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سکھر انتظامیہ بدمعاش اور تکفیری دہشت گرد ٹولوں کی ایماء پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم شیعہ و سنی عوام کا عظیم الشان اجتماع اپنے مقررہ وقت اور تاریخ پر ممتاز گراؤنڈ خیر پور میں منعقد کیا جائے گا اور اگر حکومت نے کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی تو سنگین نتائج کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے تھر میں بھوک اور پیاس کی شدت سے جاں بحق ہونے والے معصوم انسانوں کی جانوں کے زیاں کو حکمرانوں کی نااہلی، سستی اور کاہلی قرار دیا اور عوام سے مطالبہ کیا کہ عوام تھر کے عوام کی مدد کے لئے دل کھول کر عطیات جمع کروائیں اور بھوک اور پیاس کی شدت سے موت اور زندگی کی کشمکش میں پھنسے معصوم انسانوں کی مدد کی جائے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کی ایماء پر امریکی اور صیہونی اسکیم کا حصہ نہیں بننا چاہئیے بلکہ پاکستان کو چاہئیے کہ شام اور مشرق وسطٰی سے متعلق اپنی سابقہ پالیسی پر کاربند رہے اور امریکی اور اسرائیلی اتحادی سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کی ایماء پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کو تبدیل کرنے سے گریز کرے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ پاکستان دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اور ایسے حالات میں دہشت گردوں کی سرپرست حکومتوں کی ایماء پر بنائی جانے والی پالیسی کے باعث دہشت گردوں اور ملک دشمن قوتوں کے حوصلے بلند ہوں گے، جو پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مورخہ 9 مارچ کو ڈیرہ الہ یار اور 16 مارچ کو خیر پور میں لبیک یارسول اللہ کانفرنس کا انعقاد ملک کی سلامتی اور بقاء اور شیعہ و سنی مسلمانوں کے اتحاد کا عظیم الشان مظہر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 359607
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش