0
Wednesday 19 Mar 2014 11:07

علم کے نور سے ہی انتہاء پسندی کی جہالت کا خاتمہ ممکن ہے، سید محمد رضا

علم کے نور سے ہی انتہاء پسندی کی جہالت کا خاتمہ ممکن ہے، سید محمد رضا

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء سید محمد رضا نے کہا ہے کہ انتہا پسندی کی عفریت سے نبرد آزما ہونے اور اس حوالے سے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومت، عوام، میڈیا، دانشوروں، سماجی تنظیموں اور معتدل سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں تعلیم کو جتنا عام کریں گے اتنا ہی ہمارے بچوں اور جوانوں کے ذہنوں میں انسان دوستی اور امن دوستی کی سوچ میں اضافہ ہوگا۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ملک سے غربت اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہو تو ہمیں تعلیم کی روشنی کو گھر گھر پھیلانا ہوگا۔ علم کے نور سے ہی ہم ملک سے انتہا پسندی کی جہالت کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ جمہوریت، امن، تعلیم مخالف قوتوں نیز شدت پسندی اور انتہا پسندی کی سوچ کو بڑھاوا دینے والی گروہوں، تنظیموں اور اداروں کے خلاف کاروائی کرکے اُن پر مکمل پابندی عائد کرے۔ بےروزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے۔ تاکہ دہشت گرد اور انتہا پسند تنظیمیں بےروزگاری سے تنگ جوانوں کو اپنے ناپاک مقاصد کے حصول کے لئے استعمال نہ کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں کے قومی و مذہبی عقائد و نظریات کے خلاف جلسے جلوسوں میں نفرت آمیز تقاریر اور میڈیا پر ہر قسم کے شرانگیز بیانات پر بھی پابندی عائد کرنا لازمی ہوگا۔ جس سے معصوم عوام کو گمراہ کُن کرکے معاشرے میں مذہبی انتہا پسندی اور نفرت و تنگ نظری کا پرچار کیا جاتا ہے۔ بلوچستان میں پشتون، بلوچ، ہزارہ، پنجابی اور دیگر اقوام صدیوں سے امن و آشتی کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں اور صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جمہوریت مخالف قوتوں کی قائم کی ہوئی مذہبی انتہا پسند تنظیمیں اور پاکستان دشمن ممالک کے آلہ کار صوبے کی پُرامن فضاء کو اپنی انتہا پسندانہ سوچ اور سرگرمیوں سے متاثر کر رہے ہیں۔ ہم صوبے کے تمام ذمہ دار، امن دوست، انسان دوست، جمہوریت پسند اور ترقی پسند قوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آگے بڑھیں اور بلوچستان میں موجود بھائی چارے کی فضاء کو اِن مذہبی انتہا پسند تنظیموں کی شر انگیز گھناؤنی سازشوں سے نجات دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرکے اِن مذہبی انتہا پسند تنظیموں سے برملا اظہار بیزاری کریں۔

خبر کا کوڈ : 363233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش