0
Monday 13 Sep 2010 14:12

میر واعظ عمر فاروق پر بغاوت کا مقدمہ،کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں،میر واعظ عمر فاروق

میر واعظ عمر فاروق پر بغاوت کا مقدمہ،کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں،میر واعظ عمر فاروق
 سری نگر:اسلام ٹائمز-آج نیوز کے مطابق بھارتی قابض انتظامیہ نے پہلے تو عید کے موقع پر کشمیریوں کا احتجاج روکنے کیلئے وادی میں کرفیو نافذ کر دیا اور  پھر میر واعظ عمر فاروق کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا۔جس پر انہیں سزائے موت بھی دی جا سکتی ہے،قابض انتظامیہ نے حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کے خلاف درج ایف آئی آر میں جن دفعات کے تحت مقدمات درج کئے ہیں۔ان میں ملک کے خلاف سازش،اعلان جنگ اور لوگوں کو مشتعل کرنا شامل ہے۔دفعہ تین سو چھتیس اور چار سو چھیالیس رنبیر پینل کوڈ کے تحت لگائی گئی ہیں،جو مقبوضہ کشمیر میں خاص طور پر نافذ کیا گیا ہے۔ان مقدمات کے تحت انہیں سزائے موت یا عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔
میر واعظ عمر فاروق نے آج نیوز سے خصوصی بات چیت میں اس عمل کو کٹھ پتلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ اور عوامی انقلاب کا ردعمل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کو شہید کرنے والے وزیراعلیٰ کے خلاف بھی ایف آئی آر درج ہونی چاہئے۔میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا ایک ہی حل ہے کہ پاک بھارت بات چیت میں کشمیر کو ایجنڈے کے طور پر شامل کیا جائے۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے،بھارتی آئین کے تحت مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نہیں نکل سکتا۔میر واعظ کا کہنا تھا کہ بھارت بندوق کے ذریعے کشمیر میں امن قائم کرنا چاہتا ہے،بھارت کی نظر میں آزادی کی بات کرنے والا ہر کشمیری دہشت گرد اور مجرم ہے۔ لیکن کشمیری ڈرنے والے نہیں۔مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے سیاسی عمل کو آگے بڑھانا ہو گا۔ 
اے آر وائی نیوز کے مطابق حریت کانفرنس کے چئیرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں،عوامی انقلاب کے ڈر سے بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر تحریک کی قیادت پر غلط الزامات لگا کر مقدمات درج کر رہی ہے۔اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ گذشتہ روز ہونے والا اجتماع بھارت کے خلاف ریفرنڈم تھا،جس میں کشمیریوں نے بھارت کو اپنا واضح پیغام دے دیا ہے کہ کشمیر ی عوام آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ انقلاب کے ڈر سے بھارتی حکومت قیادت پر الزامات عائد کر رہی ہے، لیکن ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے،شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ہمارے بعد کشمیری نوجوان تحریک آزادی کو آگے بڑھائیں گے۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے،کشمیری عوام پاکستانی بھائیوں سے بھر پور ہمدردی اور محبت رکھتی ہے،تحریک آزادی میں پاکستان کی مدد کرنے کا بھارتی الزام غلط اور افسوسناک ہے۔
سری نگر میں کرفیو،کشمیری سراپا احتجاج,بھارت سرکار پریشان
مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج سے خصوصی اختیارات واپس لینے پر غور کیلئے بھارتی کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے،دوسری جانب سری نگر سمیت کئی علاقوں میں کرفیو بدستور نافذ ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت مخالف مظاہروں میں شدت آگئی ہے۔عید کے پہلے روز کشمیریوں نے مقبوضہ وادی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے سرکاری املاک کو نذر آتش کر کے بھارت سے اپنی نفرت کا اظہار کیا اس دوران کشمیر ی پاکستان کے حق اور بھارت کی مخالفت میں نعرے لگاتے رہے۔مقبوضہ وادی میں بھارت مخالف احتجاج کے بعد نئی دہلی میں ہلچل مچی ہوئی ہے،بھارتی کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے،جس میں قابض فوج سے خصوصی اختیارات واپس لینے سمیت مختلف امور پر غور کیا جائے گا۔مقبوضہ وادی میں بدستور کرفیو نافذ ہے،جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہے اور لوگ مشکلات سے دوچار ہیں۔

خبر کا کوڈ : 36963
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش