0
Tuesday 29 Apr 2014 19:04

جی بی کے تمام مسائل کے حل کیلئے قائمہ کمیٹی اسلام آباد میں اپنی سفارشات پیش کریگی، افراسیاب خٹک

جی بی کے تمام مسائل کے حل کیلئے قائمہ کمیٹی اسلام آباد میں اپنی سفارشات پیش کریگی، افراسیاب خٹک
رپورٹ: ایس ٹی ایم کاظمی

سینیٹر افراسیاب خان خٹک نے کہا ہے کہ سینٹ کی ایک سب کمیٹی برائے گلگت بلتستان بہت ہی جلد بنائی جا رہی ہے، جو گلگت بلتستان کے مسائل کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی اور وفاقی حکومت کو اپنی سفارشات سے آگاہ کرتی رہے گی۔ انسانی حقوق، گورننس اور علاقائی امور کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سیشن میں شریک افسران سے مختلف سوالات کئے اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ سینیٹ میں قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے ممبران نے سینیٹر افراسیاب خٹک کی سربراہی میں گلگت بلتستان کے دورے کے دوسرے روز ایک میٹنگ میں شرکت کی اور صوبے میں نظام حکومت امن عامہ، گورننس، انسانی حقوق، سیاحت، تعمیرات اور صحت کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی۔ سینیٹ کی فنکشن کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کمیٹی ممبران ایوان بالا سمیت تمام دیگر فورمز پر گلگت بلتستان کے حقوق کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبے کے مسائل کو اجاگر اور ان کے حل کے لئے کوششیں کرتی رہے گی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ گلگت بلتستان کا علاقہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور حکومت کی خصوصی توجہ سے یہ صوبہ ترقی کی اعلی مثال بن کر ابھر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں معدنیات اور سیاحت کے شعبے پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تعمیر ناگزیر ہے اور اس کے لئے بھی وفاقی حکومت کو سفارشات پیش کی جائیں گی۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کے اعلیٰ انتظامی افسران نے شرکت کی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین سینیٹر افراسیاب خان خٹک کی سربراہی میں آنیوالے وفد کو چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے کانفرنس روم میں ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گلگت بلتستان حکومت کی مجموعی کارکردگی اور حکومتی ترجیحات کے حوالے سے اس بریفنگ میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر عطاءالرحمان نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی اور مختلف سوالات کے جوابات دیئے اور علاقے کو درپیش مسائل کے حوالے سے وفد کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عطاءالرحمان نے صوبے میں انسانی حقوق کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے روشناس کرتے ہوئے کئی اور دیگر معاملات پر بھی بات کی۔ ڈاکٹر سعد خان سیکرٹری سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن و انفارمیشن ڈپارٹمنٹ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی انتظامیہ کو دیئے جانے والے اختیارات پر روشنی ڈالی۔ وفد کے اراکین میں سینیٹر فرحت اللہ بابر، مشاہد حسین، نسرین جلیل، ثریا امیر الدین، فرح عباسی، سحر کامران، ہدایت اللہ شامل تھے۔

اس موقع پر صوبے کے تمام اہم محکمہ جات کے سیکرٹریز نے گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال اور اپنے محکموں کی جانب سے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے جاری اقدامات سے سینیٹرز کے وفد کو آگاہ کیا۔ سینیٹر افراسیاب خان خٹک نے اس موقع پر کہا کہ صوبے کے تمام مسائل کے حوالے سے انکی کمیٹی اسلام آباد میں بات کرے گی اور ممکنہ حل کے لئے اپنی سفارشات بھی پیش کرے گی۔ گلگت بلتستان میں انسانی حقوق کی مجموعی صورتحال، شعبہ صحت، تعلیم، جیلوں کی تعمیر، علاقے میں فضائی سفر کی سہولیات، سیاحت کے مواقع، معدنیات کی حصولی اور ان کے ایکسپورٹ کے مواقع کے موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور تمام سیکرٹریز نے اپنے اداروں کی کارکردگی اور مستقبل کے لئے ممکنہ چیلینجز اور انکے حل کے بارے میں کمیٹی کے اراکین کو آگاہ کیا۔ سینیٹرز کے وفد نے کہا کہ گلگت بلتستان اپنے قدرتی حسن کی بدولت پاکستان کا خوبصورت ترین صوبہ ہے اور یہاں سیاحت کے بہترین موقع موجود ہیں۔ صوبے میں بجلی کی پیداوار کے لئے مواقع اور موزوں سستے ترین وسائل رکھنے کی وجہ سے بھی یہ صوبہ مزید توجہ کا متقاضی ہے۔ تعلیم کے شعبے میں گلگت بلتستان میں معیار کی بہتری اور موجودہ سسٹم کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کی موجودہ شرح انتہائی اطمینان بخش ہے اور اس کو مزید بہتر کرنے کی گنجائش ہے۔
خبر کا کوڈ : 377623
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش