0
Tuesday 29 Apr 2014 23:19

اسلام اقلیتوں کو امن اور آزادی فراہم کرتاہے، مقررین

اسلام اقلیتوں کو امن اور آزادی فراہم کرتاہے، مقررین
اسلام ٹائمز۔ جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ اور تنظیم المدارس کے مرکزی نائب اعلیٰ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق ومفادات کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے اسلام کے منافی ہیں۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے، غیر مسلموں کو امن و سلامتی فراہم کرنا اسلامی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشن ریسرچ اینڈ پیس اور الفکر رائٹرز فورم کے اشتراک سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک روزہ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ کا عنوان ’’اسلام میں اقلیتوں کے حقوق‘‘ تھا۔ تقریب کی صدارت ایجوکیشن ریسرچ اینڈ پیس اور الفکر رائٹرز فورم کے صدر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے کی۔

مقررین میں علامہ خلیل الرحمن قادری، علامہ محمد شہزاد مجددی، مولانا غلام علی اعوان، علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی، علامہ عبداللہ ثاقب، علامہ محبوب چشتی، مفتی انتخاب احمد اور مفتی محمد عمران حنفی شامل تھے۔ محمد ضیاء الحق نقشبندی نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ عہد نبوی اور خلفائے راشدین کی ادوار میں غیر مسلموں کو تحفظ فراہم کیا گیا۔ اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے کرنیوالے اسلام کا چہرہ مسخ کرتے ہیں کیونکہ اسلام نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو گرانے سے منع کیا ہے، اسلامی ریاست میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق برابر ہوتے ہیں۔ اسلام نے اسلامی ریاست کے لئے اقلیتوں کے جان ومال اور عزت وآبرو کا تحفظ لازمی قرار دیا ہے۔ ایجوکیشن، ریسرچ اینڈ پیس کے پلیٹ فارم سے معاشرے میں امن، رواداری برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے جدوجہد کی جائے گی۔

علامہ خلیل الرحمن قادری نے کہا کہ اقلیتوں کے احساس عدم تحفظ کو دور کرنے کے لئے سماجی رویے تبدیل کرنا ہوں گے، اسلام اقلیتوں کو امن، آزادی، انصاف، مساوات اور تحفظ کا ماحول فراہم کرنے پر زور دیتا ہے، خطباء منبرومحراب سے اقلیتوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائیں، خطباء اپنے خطبات جمعہ کے ذریعے معاشرے کو امن آشنا کر سکتے ہیں۔ مساجد کے خطباء انسانی حقوق اور عوامی مسائل کو اپنے خطبات جمعہ کا موضوع بنائیں۔ علامہ محمد شہزاد مجددی نے کہا کہ خطباء معاشرے میں ظلم و جبر، استحصال اور عدم برداشت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور پرتشدد رویوں کی حوصلہ شکنی کریں۔ خطباء انسانی جان کی حرمت پر مسلسل خطبے دیں، عوام میں امن پسندی کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے خطابات جمعہ کو موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی نے کہا کہ خطبات جمعہ کو دلوں کو توڑنے نہیں جوڑنے کا ذریعہ بنایا جائے، خطباء کشیدگی کی بجائے کشادگی اورگالی کی بجائے بولی کے کلچر کو عام کریں۔ علامہ عبداللہ ثاقب نے کہا خطباء حقیقی اسلام اور حقیقت اسلام دنیا کے سامنے پیش کریں اقلیتوں کو تحفظ کا احساس دلائے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، غیر مسلموں کے خلاف نفرت وتعصب پھیلانے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
خبر کا کوڈ : 377680
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش