0
Tuesday 29 Apr 2014 08:31

ساٹھ ہزار شہداء کے لواحقین کو ملک دشمن قرار دینے پر مولانا سمیع الحق قوم سے معافی مانگیں، سُنّی تحریک علماء بورڈ

ساٹھ ہزار شہداء کے لواحقین کو ملک دشمن قرار دینے پر مولانا سمیع الحق قوم سے معافی مانگیں، سُنّی تحریک علماء بورڈ
اسلام ٹائمز۔ سُنّی تحریک علماء بورڈ نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کا مطالبہ کرنے والے شہداء کے لواحقین کو ملک دشمن قرار دینے پر مولانا سمیع الحق سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔ مفتی غفران محمود سیالوی، مفتی لیاقت علی رضوی، مفتی قاضی سعیدالرحمن، مفتی محمد عارف چشتی، صاحبزادہ عطاء الرحمن دھنیال، علامہ خالد محمود ضیاء، پروفیسر کامران اسلم، علامہ اشتیاق احمد، علامہ تنویر حسین قادری، علامہ ہاشم مجددی، علامہ سرفراز احمد چشتی و دیگر علماء و مفتیان کرام نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا مطالبہ مقتولین کے ورثاء کا آئینی اور شرعی حق ہے۔

شہداء کے لواحقین اپنے پیاروں کے قاتلوں کو کوئی رعایت دینے کیلئے تیار نہیں۔ مولانا سمیع الحق کے بیان سے قوم کی دل آزاری ہوئی ہے۔ مولانا سمیع الحق ساٹھ ہزار شہداء کے لواحقین کو ملک دشمن قرار دینے پر قوم سے معافی مانگیں۔ سمیع الحق کو چاہیے کہ شریعت کے مطابق اپنے شاگردوں سے ساٹھ ہزار مقتولوں کا قصاص طلب کریں۔ دہشت گردوں کے لیے مذاکرات طاقت کا انجکشن ثابت ہو رہے ہیں۔ حقیقی سٹیک ہولڈر دہشت گرد نہیں شہداء کے ورثاء ہیں۔ حکومت دہشتگردوں سے مذاکرات کے بجائے ملک کیلئے قربانیاں دینے والے شہیدوں سے وفا کرئے۔ علماء ومفتیان کرام نے کہا کہ دہشت گردپے درپے دھماکوں اور حکمران مذاکرات میں مصروف ہیں۔

دھماکوں کی گونج میں مذاکرات کی بانسری بجائی جا رہی ہے۔ تین ماہ کے مذاکراتی عمل سے ملک و قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ حکمران کب تک مذاکرات کے نام پر قوم کو بیوقوف بناتے رہیں گے؟ دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کے بغیر خودکش دھماکے نہیں رک سکتے۔ علمائے کرام نے کہا کہ حکومت بے گناہوں کا خون بہانے والے ریاست مخالف دہشت گردوں کی رہائی سے باز رہے۔ آئین کو تسلیم نہ کرنے والے ریاست کے باغیوں سے مذاکرات ختم کر کے ان کے خلاف فیصلہ کن آپریشن شروع کیا جائے۔ دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے فوج کو فری ہینڈ دیا جائے۔ فوج کو متنازع بنانے کی سازشیں عالمی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ استحکام پاکستان اور آئی ایس آئی لازم و ملزوم ہیں۔ قوم کے محافظ فوجی جوانوں کے حوصلے پست کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 377293
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش