0
Wednesday 30 Apr 2014 11:59
آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں

ایم ڈبلیو ایم کشمیری عوام کے حق آزادی و خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے، علامہ شفقت شیرازی

ایم ڈبلیو ایم کشمیری عوام کے حق آزادی و خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے، علامہ شفقت شیرازی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید شفقت شیرازی سے آزاد کشمیر میں مختلف سیاسی رہنماؤں کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر کے سٹاف آفیسر قلب عباس جعفری، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سید شجاعت کاظمی، سید فخر عباس کاظمی، مسلم کانفرنس کے رہنماء سید یاسر نقوی، آئی او کے ناظم سید اشتیاق سبزوری اور دیگر نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا آزاد کشمیر و پاکستان میں اتحاد امت کیلئے کردار لائق تحسین و ستائش ہے۔ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اتحادبین المسلمین اور امن عامہ کے ایجنڈے پر مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ ہیں۔ آزاد کشمیر پر امن خطہ ہے اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے درمیان بہترین رابطہ سازی موجود ہے۔ مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کی قیادت کے صدر ریاست سردار یعقوب خان، وزیر اعظم و صدر پی پی پی آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید، اپوزیشن لیڈر صدر مسلم لیگ ن راجہ فاروق حیدر خان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں رہتی ہیں اور باہمی ربط و تعاون کی اچھی فضا قائم ہے۔

مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید شفقت شیرازی نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کی محافظ ہے۔ ہر مشکل گھڑی میں جب قوم کو ضرورت پڑی پاک فوج نے ہماری مدد کی۔ ہم اپنے گھروں میں آرام سے سوتے ہیں اور ہمارے فوجی جوان سرحدوں پر موسمی حالات برداشت کرتے ہوئے جاگ کر ہمارے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے شہداء نے ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کیا۔ چند دشمن قوتیں پاک فوج کو بدنام کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے قیام کا مقصد پاکستان سے محبت کرنے والی جماعتوں اور افراد کو متحد کرنا ہے۔ مجلس چاہتی ہے کہ نوجوان مفادات کی سیاست نہ کریں، محب وطن قوت کے بازوں کو مضبوط کریں۔

انہوں نے کہا کہ کہ مجلس وحدتِ مسلمین مظلوم کشمیری عوام کے حق آزادی اور حق خودارادیت کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ اگر اقوام متحدہ کے مبصرین کی نگرانی میں کشمیری عوام کی اکثریت حق خودارادیت کیلئے رائے شماری کے بعد یہ فیصلہ کرلے کہ انہیں کشمیر کی آزادی چاہئے تو پھر بھارت کو انہیں آزادی دے دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صدی ہے، اب مظلوم کشمیری عوام کی قربانیوں اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا سے چھپایا نہیں جاسکتا۔ مجلس وحدتِ مسلمین کشمیر کے مسئلے اور تنازع کو ایک سیاسی، جغرافیائی، انتظامی اور سفارتی مسئلے سے بڑھ کر اسے ایک انسانی مسئلہ تصور کرتی ہے اور اگر پوری دنیا میں سب سے بڑا انسانی مسئلہ ہے تو وہ مسئلہ کشمیر ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر میں جلدازجلد بلدیاتی انتخابات کروائے اور کشمیری عوام کا برسوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 377829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش