0
Thursday 1 May 2014 09:52

مزدوروں کو ان کے حقوق دلوانے تک جدوجہد جاری رکھیں گے، بیرسٹر سلطان

مزدوروں کو ان کے حقوق دلوانے تک جدوجہد جاری رکھیں گے، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یوم مئی مزدوروں کے حقوق کا عالمی دن اس لئے ہے کہ اس دن مزدوروں نے اپنے حقوق کا پرچم بلند کیا تھا اور شکاگو کے ان مزدوروں نے اپنے مزدور بھائیوں کے حقوق کی سمت کے تعین کا آغاز کیا تھا اور ایک طویل عرصہ تک یہ جدوجہد چلتی رہی۔ پاکستان میں بھی جب غریب اور امیر کے درمیان خلیج بڑھ رہی تھی تو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے غریبوں اور مزدوروں کو انکے حقوق دلوانے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور اس کے بعد مزدوروں کو ان کے کچھ حقوق ملنا شروع ہو گئے۔ ہم بھی نظریہ بھٹو کو آگے بڑھاتے ہوئے غریبوں اور مزدوروں کو ان کے حقوق دلوانے کے لئے اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں ان کے حقوق مل نہیں جاتے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم مئی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مزدوروں نے اپنے حقوق کے لئے ایک طویل عرصہ تک جدوجہد کی ہے اور آج شکاگو کے مزدوروں کی جانوں کا نظرانہ دینے کی بدولت اور انکی لازوال جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں اب کسی حد تک مزدوروں کے حقوق کا خیال رکھا جانے لگا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم بھی مزدوروں کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں اور ان کے حقوق ملنے تک ان کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ 

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریبوں کی جماعت ہے اور ہم غریبوں اور مزدوروں کو ان کے حقوق دلوانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور اب وقت آگیا ہے کہ پسے ہوئے طبقوں کے حقوق کی جدوجہد کے لئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 378197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش