0
Monday 28 Apr 2014 09:38

جماعت اسلامی خطے میں تبدیلی کی نقیب ہے، عبدالرشید ترابی

جماعت اسلامی خطے میں تبدیلی کی نقیب ہے، عبدالرشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی خطے میں حقیقی اسلامی تبدیلی کی نقیب ہے، اس موثر آواز اور قوت کو کوئی نظرانداز نہیں کر سکتا۔ آزاد خطے میں وسیع امکانات سے استفادہ کرتے ہوئے جماعت اسلامی کو ہر سطح پر منظم کر کے حقیقی اسلامی تبدیلی لائی جائے۔ کشمیر کی آزادی اور آزاد خطے میں حقیقی اسلامی انقلاب ہمارا مشن ہے۔ جماعت اسلامی نے عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر محاذ پر بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ گلگت بلتستان آزاد کشمیر سمیت مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پیش رفت کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستان میں بی جے پی کی ممکنہ کامیابی اور نرنیدر مودی کے برسراقتدار آنے سے آزاد کشمیر پر حملے سمیت کوئی بھی سانحہ ہو سکتا ہے جس کی پیش بندی اور صف بندی کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ہندوستان کے انتخابی ڈرامے کو مسترد کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ان کے نزدیک یہ انتخابات حق خودارادیت کا متبادل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو عالمی اور قومی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آزاد خطے میں بسنے والے عوام کی خدمت کے لیے ادارے قائم کیے جو بھرپور انداز سے صحت، تعلیم اور دین کے ابلاغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیریوں کے مبنی برحق موقف کی صیح اور حقیقی ترجمانی کر رہے ہیں۔ جناب ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن، اراکین شوریٰ، مرکزی ذمہ داران سب صف بستہ ہو کر نئے لوگوں کو جماعت اسلامی میں شامل کریں، تبدیلی چاہنے والوں کو اپنی صفوں میں لائیں تاکہ آزاد خطے میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکے جو کشمیر کی آزادی کے لیے بھی سود مند ہو اور عوامی مسائل بھی حل ہو سکیں۔ 

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے دوری ہمارے مسائل کی وجہ ہے، پورا مغرب اپنے سارے وسائل کے ساتھ ہماری نوجوان نسل اور خواتین کو ہدف بنا کر گمراہی کے راستے پر ڈال رہا ہے۔ چیلنجز شدید درپیش ہیں اور اسی سطح پر کام کی بھی ضرورت ہے تاکہ ان چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سارے نظام فیل ہو چکے ہیں انسانیت کو ایک منصفانہ اور عادلانہ نظام کی ضرورت ہے جو اسلام کے پاس ہے، جماعت اسلامی اسی نظام کے نفاذ کے لیے نکلی ہے اور یہی نظام انسانیت کو انفرادی اور اجتماعی طور پر انصاف فراہم کر سکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو منظم کرنے کے لیے بھی اہتمام کیا ہے۔ خطے میں حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی ہی لا سکتی ہے۔ اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل محمود الحسن چودھری نے کی۔ اجلاس سے سردار اعجاز افضل، نورالباری، ڈاکٹر خالد محمود، ڈاکٹر مشتاق، مشتاق ایڈووکیٹ، شیخ عقیل الرحمن نے بھی خطاب کیا اور گلگت و بلتستان کے امیر مولانا عبدالسیع نے گلگت بلتستان میں ہونے والے احتجاج اور مذاکرات کی کامیابی کے حوالے سے بریف کیا۔
خبر کا کوڈ : 376978
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش