0
Sunday 25 May 2014 21:14

بلوچستان میں حالات کی خرابی کی وجہ افغانستان سے آنے والا اسلحہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا

بلوچستان میں حالات کی خرابی کی وجہ افغانستان سے آنے والا اسلحہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکمران خوفِ خدا نہیں خوفِ امریکہ میں مبتلا ہیں۔ نوازشریف امریکہ کی خوشنودی کے لیے بھارت جا رہے ہیں حالانکہ منموہن سنگھ نے نواز شریف کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت مسترد کر دی تھی۔ قوم کو ہزاروں مسلمانوں کے قاتل مودی کی حلف برداری تقریب میں وزیراعظم کی شرکت کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔ مہنگائی نے ہر غریب گھر کو پھانسی گھاٹ بنا دیا ہے۔ غربت کی وجہ سے ہونے والی ہر خودکشی کی ایف آئی آر حکمرانوں کے خلاف درج ہونی چاہیے۔ دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز پر حملے قابل مذمت ہیں۔ پاک فوج پر حملے کرنے والے پاکستان دشمن طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ عالمی طاقتیں پاک فوج کو کمزور کر کے پاکستان کو ناکام ریاست بنانا چاہتی ہیں۔ قوم جلد اپوزیشن جماعتوں کے گرینڈ الائنس کی خوشخبری سنے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنّت، انجمن طلبائے اسلام اور سنی علماء بورڈ کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے دفاعی اداروں کے دفاع کی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ نئے بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو خاموش نہیں رہیں گے۔ بجٹ میں چھوٹے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جائیں اور تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ چار حلقوں میں دھاندلی ثابت ہو گئی تو پورا الیکشن مشکوک ہو جائے گا۔ حالات مڈٹرم الیکشن کی طرف جا رہے ہیں۔ شریف برادران ملک کو اتفاق فاؤنڈی کی طرح چلا رہے ہیں۔ قومی اداروں اونے پونے بیچنے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ نجکاری سے بیروزگاری کا سیلاب آئے گا۔ نوازشریف فوج سے بدلہ لینے کی سوچ چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی، اب شہباز شریف کو نام تبدیل کر لینا چاہیے۔ لوٹ مار کے پیسہ سے بیرون ملک اثاثے بنانے والے سیاستدان قومی مجرم ہیں۔ وی آئی پی کلچر کو ختم کرنا ہو گا۔ قومی خزانے کا بڑا حصہ حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ ہو جاتا ہے۔ رانا ثناء اﷲ مخالف اور تبرہ بازی کی بجائے پنجاب میں اغواء برائے تاوان ختم کرنے پر توجہ دیں۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو الٹا لٹکانے کی بڑھکیں مارنے والے قوم کو بتائیں کہ لوٹ مار کرنے والوں کا کیا احتساب ہوا ہے۔ مؤثر احتسابی نظام نہ بننا افسوسناک ہے۔ بلوچستان میں حالات کی خرابی کی وجہ افغانستان سے آنے والا اسلحہ ہے۔ جمہوریت کو خطرہ نہیں مگر حکومت اور فوج کے مابین خلیج بڑھ رہی ہے۔ 65 سالوں سے عوام کے ساتھ جمہوریت کے نام پر مذاق جاری ہے۔ جمہوریت کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ منتخب ہونے والوں کو پانچ برس کے لیے سیاہ و سفید کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 386202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش