0
Wednesday 28 May 2014 17:38
پاکستان کے ایٹمی اثاثے قوم کی امانت ہیں

دہشتگردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ کئے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، نواز شریف

دہشتگردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ کئے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ کئے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، ہمسایہ ملکوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ اگر چین کا تعاون نہ ہوتا تو ہم ایک بجلی گھر بھی نہیں لگا سکتے تھے۔ لاہور میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے قوم کی امانت ہیں۔ 1999ء میں ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے حوالے سے پاکستان پر سخت دباﺅ تھا، جس پر لوگوں نے کہا کہ نواز شریف! اگر آپ نے ایٹمی دھماکہ نہ کیا تو قوم آپ کا دھماکہ کر دے گی۔ اللہ تعالٰی کے فضل و کرم سے دفاعی میدان میں خود کفالت حاصل کر لی ہے۔ اب ہمیں اقتصادی کفالت کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ یہ کیسا ایٹمی ملک ہے جہاں اندھیرے، بیروزگاری اور بدامنی ہے۔ ہم انشاءاللہ ملک سے جلد اندھیرے، بدامنی اور بیروزگاری کا خاتمہ کر دیں گے۔ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ ایک سال میں بڑی تعداد میں بجلی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنا بڑا بریک تھرو ہے۔ ایک بجلی گھر پر 100 ارب سے زائد لاگت آتی ہے اور حکومت ایسے درجنوں بجلی گھر بنا رہی ہے، جس کیلئے ایک ہزار ارب درکار ہیں۔ ہمیں بجلی وافر مقدار میں حاصل کرنے کیساتھ ساتھ سستی اور آئندہ تیس سال تک کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھنا ہے۔ چین پاکستان کیساتھ بجلی کے منصوبوں میں تعاون کر رہا ہے۔ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو خزانہ خالی تھا۔ اگر چین کا تعاون نہ ہوتا تو ہم ایک بجلی گھر بھی نہیں لگا سکتے تھے۔ چین ایک با اعتماد دوست ہے جو پاکستان کیساتھ مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ہم زبانی جمع خرچ نہیں کر رہے۔ پاکستانی عوام کی آسودگی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ ہمیں ترقی کیلئے خود اقدامات کرنا ہوں گے۔ پاکستان کی خوشحالی میرے ایمان کا حصہ ہے۔ چین کے تعاون سے پنجاب کے اندر چار، گڈانی میں دس اور پورٹ قاسم میں دو بجلی کے کارخانے لگانے کیساتھ ساتھ متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کا افتتاح بھی چندروز میں کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ بھاشا ڈیم پانچ سال میں مکمل نہیں ہوگا، لیکن اس کی بنیاد تو رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چھ جون کو ہماری حکومت ایک سال پورا کرے گی۔ کراچی لاہور موٹر وے کا سنگ بنیاد جلد رکھنے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کیلئے زمین کی خریداری کیلئے 50 ارب روپے جاری کر دئیے گئے ہیں۔ کراچی لاہور موٹر وے منصوبہ تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملے گا اور پاکستان کی قسمت بدلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تھری اور فور جی کی نیلامی کا عمل شفاف طریقے سے ہوا ہے۔ اس منصوبے سے 9 لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ہماری ایکسپورٹ بڑھے گی اور ٹیکس محصولات میں اس سال 16 فیصد اضافہ ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ سمیت تمام فیصلے وفاقی اور پنجاب حکومت میرٹ پر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں میٹرو ٹرین منصوبے پر کام جلد شروع ہوجائے گا۔ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کو ہدایت کی گئی ہے کہ یہ منصوبہ مدت ختم ہونے سے پہلے مکمل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کو اچھی خاصی مار پڑی ہے۔ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مضبوط اور زرمبادلہ میں اضافہ ہوا ہے۔ نوجوانوں کو قرضہ سکیم کے ذریعے 20 لاکھ روپے دیئے جانے کا عمل جاری ہے۔ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے اضلاع میں تعلیم کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ٹرین اور لانگ مارچ کرنے والوں کا ایجنڈا کیا ہے، کیا وہ یہی چاہتے ہیں کہ ملک ترقی نہ کرے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس نہ چلے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور قرضے نہ ملیں، ملک میں بھاشا ڈیم اور بجلی کے منصوبے نہ لگیں۔ یہ لوگ 80ء اور 90ء کی دہائی کی سیاست کر رہے ہیں، لیکن ان لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب ایسی سیاست نہیں چلے گی۔ پانچ سال بعد لوگ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے کہ ووٹ کسے دینا ہے اور کسے نہیں دینا۔ اب لوگ سمجھدار ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جونہی آگے بڑھتا ہے تو اس کی ٹانگیں کھینچ لی جاتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 387238
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش