0
Friday 30 May 2014 10:04

علی رضا سید کی صدر آزاد کشمیر سے ملاقات

علی رضا سید کی صدر آزاد کشمیر سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے جمعرات کے روز صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان سے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی اور انھیں یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جاری جدوجہد سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کی گئی۔ ملاقات کے دوران حالیہ دنوں یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات اور ان کے نتیجہ میں سامنے آنے والی سیاسی تبدیلیوں پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نوازشریف کے دورہ بھارت کا ذکر بھی ہوا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کوششیں تیز ہونی چاہیں۔ 

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کشمیرکونسل ای یو کی یورپ میں جاری کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ایک مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انھوں نے چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور دیگر کشمیریوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوششوں کی تعریف کی۔ 

علی رضا سید نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات کے بعد بہت سے نئے چہرے سامنے آئے ہیں اور اس وقت ضرورت ہے کہ ہم زیادہ کوشش کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر آگے بڑھیں۔ ڈاکٹر سجاد کریم تیسری بار منتخب ہوئے ہیں، برطانیہ سے دو نئے پاکستانی نژاد اراکین ای یو پارلیمنٹ راجہ افضل خان اور امجد بشیر منتخب ہوئے ہیں اور بلجیم سے ڈاکٹر ظہور منظور برسلز پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہو گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ اس امر کے لیے کوشاں ہیں کہ دونوں طرف کی کشمیری قیادت اور کشمیر ڈائس کی مشاورت سے ایک نئی اور موثر حکمت عملی ترتیب دیں تاکہ مسئلہ کشمیر کو زیادہ بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ 

صدر آزاد کشمیر نے کشمیر میں انسانی حقوق کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں سجاد کریم کی کوششوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یورپ کے ایوانوں میں پاکستانی نژاد نئے چہروں کے آنے سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں مزید مدد ملے گی۔ صدر نے کہا کہ عالمی برادری اس حقیقت سے آگاہ ہو چکی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر ڈیڑہ کروڑ عوام کے مستقبل کا سوال ہے اور کشمیریوں کی تحریک آزادی اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے۔ 

کشمیر کونسل ای یو کے چئیرمین علی رضا سید سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آہستہ آہستہ راہ ہموار ہو رہی ہے۔ علی رضا سید نے کہا کہ کشمیر کونسل ای یو یورپی عوام اور اہم پالیسی ساز لوگوں کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے آگاہ کر رہی ہے۔ انھوں نے حالیہ عرصے کے دوران بھارتی حکام کی طرف سے ہندوستان میں زیرتعلیم کشمیری طلبہ کے ساتھ ناروا سلوک اور تشدد کی بھی مذمت کی۔ 

صدر آزادکشمیر نے کشمیرکونسل ای یو کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی حقیقت کو سمجھنا چاہیے کیونکہ اس مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں امن نہیں ہو سکتا۔ انھوں نے کہا کہ حق خودارادیت کے حصول تک پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔ بھارت ظالمانہ ہتھکنڈے اختیار کر کے تحریک آزادی کشمیر کو دبا نہیں سکتا۔ ایک لمبے عرصے سے کشمیر پر بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ صدر سردار یعقوب نے کہا کہ باہر رہنے والے کشمیریوں کی جدوجہد قابل ستائش ہے اورانھیں چاہیے کہ منظم ہو کر مسئلہ کشمیر کو عالمی فورموں پر اجاگر کریں۔
خبر کا کوڈ : 387652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش