0
Wednesday 4 Jun 2014 19:10

سنی اتحاد کونسل 6 جون کو ’’یومِ تحفظ قومی سلامتی‘‘ منائے گی

سنی اتحاد کونسل 6 جون کو ’’یومِ تحفظ قومی سلامتی‘‘ منائے گی
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ فتح جنگ میں خودکش حملے میں دو کرنل اور شہریوں کو شہید کرنے کے المناک واقعہ کے خلاف جمعہ 6 جون کو ملک گیر ’’یومِ تحفظ قومی سلامتی‘‘ منایا جائے گا۔ اس روز جمعہ کے اجتماعات میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی شہادتوں اور خودکش حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور علمائے اہلسنّت ’’قومی سلامتی کے تحفظ کے تقاضے‘‘ کے موضوع پر خطباتِ جمعہ دیں گے۔ نماز جمعہ کے بعد شہدائے افواج پاکستان کے لیے قرآن خوانی کی جائے گی اور مساجد کے باہر پاک فوج پر حملوں کے خلاف پرامن مظاہرے کیے جائیں گے۔

لاہورمیں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ فتح جنگ میں فوج کے دو کرنل شہید کرنے کے واقعہ سے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ وقت آ گیا ہے کہ ریاست مخالف دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا دوٹوک اعلان کیا جائے۔ سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے پاکستان دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں۔ ریاست کے باغی کسی رحم کے مستحق نہیں۔ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے دہشت گردوں کے خلاف ایکشن ضروری ہو گیا ہے۔ پاکستان دشمن قوتیں پاک فوج کو کمزور کرنے کے لیے طالبان کو استعمال کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اسلامی ریاست کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔ اس لیے حکومت بھی دہشت گردوں کے خلاف قومی جہاد کا اعلان کرے اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کو فری ہینڈ دے۔ قوم پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔ پاکستان سے وفاداری کا تقاضا ہے کہ طالبان نواز مذہبی راہنما ریاست مخالف طالبان کی حمایت چھوڑ دیں۔
خبر کا کوڈ : 389164
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش