0
Friday 6 Jun 2014 22:09

کراچی کے نجی اسپتال میں انتظامیہ کی غفلت سے 7 بچے جاں بحق

کراچی کے نجی اسپتال میں انتظامیہ کی غفلت سے 7 بچے جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے کورنگی کے نجی اسپتال میں انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث 7 بچے جاں بحق ہوگئے جس کے بعد گورنر سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع ایک نجی اسپتال میں مصنوعی تنفس کی مشین انکیوبیٹر میں آکسیجن کی کمی پیدا ہوگئی لیکن انتظامیہ نے غفلت اور لاپرواہی کا ثبوت دیتے ہوئے اس پر توجہ نہ دی جس کے نتیجے میں مشینوں میں موجود 7 بچے جاں بحق ہوگئے، بچوں کی ہلاکت کے خلاف والدین، عزیزواقارب اور اہل محلہ نے اسپتال میں شدید ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ کی اور ٹائر جلا کر کورنگی روڈ بھی بلاک کردی جس کے بعدحالات پر قابو پانے کے لئے پولیس اور رینجرز کو طلب کرنا پڑا۔ ورثا کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ کو ان کےحوالے کیا جائے ورنہ اسپتال کو آگ لگا دی جائے گی جبکہ پولیس نے انتظامیہ کے 4 افراد کو حراست میں لے لیا اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ ای ڈی او ہیلتھ کا کہنا ہےکہ معاملے کی تحقیقات کیلئے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں کے مطابق دو روز قبل بھی اسپتال میں دو بچوں کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد دو روز میں 9 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اس سے قبل بھی اسپتال میں اس قسم کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسپتال میں اکثر اوقات ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کے باعث دیگر ناتجربہ کار عملہ مریضوں کی دیکھ بھال کرتا ہے جس کے باعث اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 389745
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش