0
Thursday 19 Jun 2014 01:30

ضرب عضب، ڈی آئی خان میں پولیس افسران کی چھٹیاں منسوخ

ضرب عضب، ڈی آئی خان میں پولیس افسران کی چھٹیاں منسوخ
اسلام ٹائمز۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان صادق حسین بلوچ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کا ہر شہری اپنے وطن کا محافظ ہے۔ قانون شکنوں پر کڑی نظر رکھیں اور ڈیرہ کے امن کے لئے پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوام کے نام اپنے بیان میں کیا۔ اس بیان میں انہوں نے شمالی وزیرستان میں جاری ضرب عضب آپریشن کے باعث دہشت گردی کے خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے اپنے انتظامات پر روشنی ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حالات کے پیش نظر کسی بھی دہشت گردی کی روک تھام کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع بھر کے تمام داخلی و خارجی اور خفیہ راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ ضلع بھر میں پولیس موبائل گشت اور ایگل سکواڈ میں اضافہ کر دیا ہے۔ تمام تھانہ جات، چوکیاں، پولیس لائن اور سرکاری عمارات کی چھتوں پر بھاری اسلحہ سے لیس اہلکاروں کے مورچے قائم کر دئیے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں 300 خفیہ کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کرائی جارہی ہے۔ تھانہ جات کو بیٹ میں تقسیم کر کے بذریعہ بیٹ افسران بیٹ کے سطح پر مشکوک افراد کی آمدورفت، ان کی موجودگی اور ان کی کاروائی کے متعلق معلومات اکٹھی کر کے کاروائی کی جا رہی ہے۔ سرائے، ہوٹلز اور بالا خانوں کی روز مرہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جا رہی ہے۔ تھانوں کے مجرمان اشتہاری اور کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد اور ان کو امداد فراہم کرنے والے افراد کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر ضلع بھر کے تمام پولیس افسران کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں اپنی جائے تعیناتی پر رپورٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ انشاء اللہ ڈیرہ پولیس کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور پولیس کے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔ ممکنہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ بھی اپنے اردگرد کڑی نگاہ رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
خبر کا کوڈ : 393258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش