0
Thursday 19 Jun 2014 09:42

بھارت نے مسئلہ کشمیر حل نہ کیا تو ٹوٹ جائے گا، چوہدری عبدالمجید

بھارت نے مسئلہ کشمیر حل نہ کیا تو ٹوٹ جائے گا، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سرکاری ملازمین اور حکومت کو جذبہ خدمت خلق کے تحت کام کرنا ہوگا۔ کشمیر اور پاکستان کا تعلق ابدی ہے ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے کشمیری قربانیاں دیتے رہیں گے، بھارت نے مسئلہ کشمیر حل نہ کیا تو ٹوٹ جائے گا۔ حق خودارادیت کشمیریوں کا مسئلہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق ہے معاشی خود مختاری ہی اصل آزادی ہے۔ وہ گذشتہ شب ایوان وزیراعظم میں اسلام آباد انسٹیوٹ آف مینجمنٹ کے شرکاء کورس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے شرکاء کورس کی آزادکشمیر آمد پر ان کا  خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کی ترقی میں بیوروکریسی کا اہم کردار رہا ہے۔ حکومت اور بیوروکریسی کا جذبہ خدمت اپنا کر عوام کی خدمت اور عوامی مسائل حل کرنا ہوں گے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں کشمیریوں نے 1947ء سے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط و مستحکم بنانا بہت ضروری ہے اس کے بغیر حقیقی آزادی کی منزل حاصل نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت مختلف قسم کے چیلنجز درپیش ہیں۔ دہشت گردی، توانائی کا بحران اور غربت جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے قوم کو متحد ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ ریاست قدرتی وسائل سے مالا مال ہے پن بجلی و سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ آزادکشمیر کے قدرتی وسائل پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے وقف ہیں۔ شرکاء کے مختلف سوالات پر وزیراعظم نے کہاکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر اب بھی حل طلب ہے جس کے لیے عالمی برادری کو کشمیریوں کی مدد کرنا ہو گی بھارت کی ہٹ دھرمی اور تاخیری حربوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر حل طلب ہے۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ بھارتی افواج اور کالے قوانین کی موجوگی میں کشمیری عوام کی زندگی مشکلات سے دوچار ہے اور انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے خطے میں امن و سکیورٹی داؤ پر لگی ہوئی ہے اور اقتصادی ترقی کی رفتار انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ وزیراعظم نے وزیر ستان میں دہشت گردی کے خلاف فوجی اپریشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ بعد ازاں وزیراعظم نے معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ شرکاء کی جانب سے وزیراعظم کو سوئینر پیش کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 393294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش