0
Friday 20 Jun 2014 13:13
آپریشن ضرب عضب کی تکمیل کی ڈیڈ لائن نہیں دی جا سکتی

ضرب عضب آپریشن، ابتک 232 مبینہ شدت پسند ہلاک، 20 ٹھکانے تباہ

طالبان رہنما حافظ گل بہادر نے جمعہ سے "دفاعی جنگ" شروع کرنیکا اعلان کر دیا
ضرب عضب آپریشن، ابتک 232 مبینہ شدت پسند ہلاک، 20 ٹھکانے تباہ
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے متعدد دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے، قبائلیوں کو علاقہ خالی کرنے کیلئے دی جانے والی مہلت کا آج آخری روز ہے۔ آپریشن ''ضرب عضب'' کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹروں نے میران شاہ کے قریب قطب خیل میں شیلنگ کی جس میں متعدد دہشت گرد مارے گئے جبکہ اُن کے کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان سے عام شہریوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ قبائلیوں کو علاقہ خالی کرنے کیلئے دی جانے والی مہلت کا آج آخری روز ہے۔ گذشتہ چند دنوں کے دوران 70 ہزار کے قریب افراد محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہوئے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والوں کی شناخت کیلئے نادرا کا تصدیقی نظام بھی نصب کیا گیا ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق آپریشن ضرب عضب کی تکمیل کی ڈیڈ لائن نہیں دی جا سکتی۔ دہشتگردوں کے رابطے روکنے کیلئے مواصلاتی نظام کو جام کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق افغان موبائل سموں کی روک تھام کیلئے بھی متعلقہ حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔ افغانستان نے آپریشن کے دوران تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران انسانی حقوق کا بخوبی خیال رکھا جا رہا ہے۔ جوانوں کو اس حوالے سے خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے، فضائی حملے بھی نپے تلے انداز میں کیے جا رہے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں گذشتہ اتوار سے جاری ضرب عضب آپریشن میں اب تک کم از کم 232 مبینہ شدت پسند ہلاک جبکہ ان کے بیس ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں۔ جمعہ کو میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران آٹھ سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ سات زخمی بھی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق، دہشت گردوں کے پہاڑیوں پر قائم دو بڑے کمیونیکیشن سینٹر اور ایک بم بنانے والی فیکڑی تباہ کر دی گئی۔ عسکری ذرائع کے مطابق، میران شاہ اور میر علی میں جاری آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے فرار ہونے کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔ ادھر، پاکستان فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے فوج نے شمالی وزیستان کے تمام علاقوں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ دنوں میں فوج بڑی زمینی کارروائی کرے گی۔

خیال رہے کہ فوج نے کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے ایک ہفتے بعد شمالی وزیرستان میں بڑے آپریشن کا آغاز کیا۔ آپریشن کے نتیجے میں نقل مکانی کرنے والے رجسٹرڈ خاندانوں کی تعداد 7031 تک پہنچ چکی ہے۔ طالبان رہنما حافظ گل بہادر نے جمعہ سے "دفاعی جنگ" شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بہادر کے ترجمان احمد اللہ احمدی نے ٹیلی فون پر میڈیا کو نامعلوم مقام سے بتایا کہ شمالی وزیرستان کی شورٰی کبھی بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا حصہ نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی جنگ کا مقصد نقصان سے بچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شورٰی نے ٹی ٹی پی کو شمالی وزیرستان میں سرگرمیوں کی کوئی اجازت نہیں دی۔
خبر کا کوڈ : 393643
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش