0
Friday 20 Jun 2014 15:05
عراق میں موجودہ بحران کا ذمہ دار امریکہ ہے

عراقی پارلیمنٹ نے امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کرنیکی دھمکی دے دی

عراقی پارلیمنٹ نے امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کرنیکی دھمکی دے دی
اسلام ٹائمز۔ عراق پارلیمنٹ کے سکیورٹی و دفاع کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اگر واشنگٹن عراق اور امریکہ کے درمیان طے شدہ اسٹریٹجک معاہدے کی پاسداری کرنے میں کوتاہی کا مظاہرہ کرے گا تو عراق امریکہ سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کر کے اسلحہ اور فوجی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے روس جیسے دوسرے ممالک کا رخ کرے گا۔ عراقی پارلیمنٹ کے سکیورٹی و دفاع کمیشن کے نائب صدر سکندر وتوت نے واضح کیا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں واشنگٹن سے جو مطالبات کئے ہیں وہ درحقیقت عراق اور امریکہ کے درمیان منعقدہ اسٹریٹجک معاہدے کا اجراء ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پر اس اسٹریٹجک معاہدے کی پاسداری اس لئے بھی ضروری ہو چکی ہے کہ عراق اپنی آرمی اور سکیورٹی فورسز میں مطلوبہ اصلاحات انجام دے چکا ہے۔

سکندر وتوت نے کہا کہ عراق میں جاری سکیورٹی بحران کی تمامتر ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے کیونکہ امریکہ عراق کے ساتھ طے شدہ اسٹریٹجک معاہدے کی رو سے ہر قسم کی بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کی صورت میں عراق کی قومی سلامتی اور ملکی سالمیت کو محفوظ بنانے کا عہد کر چکا ہے۔ عراقی پارلیمنٹ کے سکیورٹی و دفاعی کمیشن کے نائب صدر نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ عراق کے ساتھ انجام شدہ اسٹریٹجک معاہدے کی پاسداری نہیں کرتا تو اسی معاہدے میں ذکر شدہ دفعات کے تحت یہ اسٹریٹجک معاہدہ منسوخ ہو جائے گا اور عراق واشنگٹن کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات بھی ختم کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں ہم اپنی فوجی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے روس جیسے کسی دوسرے ملک کی جانب رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے کیونکہ اس کے بغیر تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جاری فوجی آپریشن کو کسی منطقی انجام تک نہیں پہنچا سکتے۔

دوسری طرف عراق پارلیمنٹ میں حکومت کی اتحادی جماعت کے ایک رکن عباس البیاتی نے بھی کہا ہے کہ عراق ایئر فورس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انتہائی موثر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری دہشت گرد عناصر کے خلاف شدید ہوائی حملے بہت ضروری ہیں۔ عباس البیاتی نے کہا کہ امریکہ جو دنیا بھر میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دعوے کرتا ہے کی اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ موجودہ حالات میں عراق کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو چاہیئے کہ وہ دہشت گردی سے مقابلے میں عراقی حکومت کی مدد کیلئے فوری اور موثر اقدامات انجام دے۔
خبر کا کوڈ : 393666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش