0
Sunday 29 Jun 2014 17:17

سربراہ سُنی تحریک نے ماہِ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کو 15 نکاتی فارمولا پیش کر دیا

سربراہ سُنی تحریک نے ماہِ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کو 15 نکاتی فارمولا پیش کر دیا
اسلام ٹائمز۔ سربراہ سُنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے ماہِ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کو 10 نکاتی ریلیف فارمولا پیش کر دیا۔ اپنے ریلیف فارمولے میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ماہِ رمضان المبارک کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ سحری افطاری، تراویح اور نماز تہجد کے اوقات میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سی این جی بندش کے باعث روزے کی حالت میں مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذٰا عوام کو بلاتعطل سی این جی فراہم کی جائے۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ذریعے ٹرانسپورٹروں کو سبسٹڈی دے تاکہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے ذریعے مسافروں کو ریلیف ملے۔ ملک کے معاشی حالات اور مہنگائی و بیروزگار ی نے عوام کو رمضان المبارک کی حقیقی خوشیوں سے محروم کر دیا ہے۔ اشیائے خوردونوش آٹا، چینی، گھی اور دالوں کی قیمتوں میں کم از کم 30 فیصد رعایت دی جائے۔ ہر یونین کونسل میں کم از دو یوٹیلٹی سٹورز کھولے جائیں جہاں یہ اشیا ئے خردونوش وافر مقدار میں دستیاب ہوں۔ اشیائے خردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول رکھنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا جائے۔ ذخیرہ اندوزوں اورمنافع خوروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ نماز تراویح، نماز فجر اور جمعتہ المبارک کے موقع پر مساجد، دینی مدارس اور مزاراتِ اولیاء اللہ کی فول پروف سیکورٹی کا خصوصی اہتمام کیا جائے۔

وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کیلئے افواج پاکستان شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن ضربِ عضب کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے سروسامانی کے عالم میں نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ ان حالات میں ریاست کی ذمہ داری بنتی ہے کہ متاثرین کو خوراک اور صحت جیسی بنیادی سہولیتیں فراہم کرنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پسے ہوئے ملک کے لاکھوں لوگ سحر و افطارسے محروم ہیں۔ ایسے غریب اور مستحق لوگوں کیلئے حکومت سرکاری طور پر رمضان دسترخوان لگانے کا اعلان کرے۔ رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی کو برقررار رکھنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ رمضان المبارک میں لگائے گئے سستے بازاروں کو حقیقی معنوں میں سستا اور معیاری بنایا جائے تاکہ صارفین کو آٹا، چینی، پھل اور دیگر اشیائے ضروریہ کم قیمتوں پر دستیاب ہوں۔ مقررہ قیمتوں سے زائد نرخوں پر اشیاء بیچنے والے گراں فروشوں کو بلیک لسٹ کیا جائے۔ صارفین کی سہولت کیلئے تمام دکانوں پر ریٹ لسٹیں آویزاں کرنا لازم قرار دیا جائے۔ ماہ رمضان کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن جماعتیں اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں۔
خبر کا کوڈ : 396089
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش