0
Thursday 17 Jul 2014 10:36

اسرائیلی کارروائیوں کیخلاف مقبوضہ کشمیر بدستور سیخ پا، نیشنل کانفرنس کا یو این آفس تک مارچ

اسرائیلی کارروائیوں کیخلاف مقبوضہ کشمیر بدستور سیخ پا، نیشنل کانفرنس کا یو این آفس تک مارچ
اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف بدھ کو تیسرے روز بھی وادی کشمیر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا، سرینگر میں جہاں نیشنل کانفرنس اور بی جے پی نے اسرائیل کے خلاف احتجاجی جلوس نکالے وہیں ہزاروں طلاب نے سول لائنز میں احتجاجی ریلیاں نکالیں، نیشنل کانفرنس کے سینکڑوں ورکروں نے پارٹی ہیڈ کوارٹر سے معاون جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصطفے کمال اور یوتھ صدر سلمان ساگر کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا، سیاہ لباس زیب تن کئے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اور بینر اٹھائے تھے، احتجاجی ریلی نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر سے شروع ہوکر ٹی آر سی اور ڈلگیٹ سے ہوتی ہوئی سونہ وار میں واقع اقوام متحدہ مبصر کے دفتر تک پہنچی، جہاں انہوں نے دھرنا دیکر اسرائیل مخالف نعرے بلند کئے، اس موقعہ پر مصطفےٰ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1947ء سے اسرائیل نے فلسطینی مسلمانوں پر جابرانہ اور ظالمانہ کارروائی جاری رکھی اور آج تک ان گنت معصوموں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا لیکن اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برداری کی اس پر مسلسل خاموشی قابل تشویش اور عالم اسلام کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے، سلمان ساگر نے فلسطینی عوام کے ساتھ انصاف کی مانگ کرتے ہوئے غزہ میں جاری معصوم اور بے گناہ بچوں، خواتین اور عام لوگوں کی ہلاکتوں پر فوری روک کا مطالبہ کیا۔

دریں اثناء سرکاری و نجی اسکولوں میں گرمائی تعطیلات ہونے کے باوجود وردیوں میں ملبوس ایس پی ہائر سکینڈری سکول، بٹہ بالو ہائر سکنڈری سکول، جواہر نگر ہائر سکنڈری سکول اور دیگر کئی تعلیمی اداروں کے طلباء نے احتجاجی جلوس نکالے اور اسرائیل کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی ، طلباء نے اپنے ہاتھوں میں اسرائیل مخالف بینر اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے اور وہ ”سیو غزہ، غزہ کے مجاہدوں ہم تمھارے ساتھ ہیں‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے پریس کالونی پہنچ گئے، احتجاجی طلاب نے سول لائنز کی مختلف سڑکوں پر احتجاجی نعرے بلند کرتے ہوئے فلسطین میں معصوم شہریوں کے قتل عام کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا، سول لائز میں کچھ دیر تک احتجاج درج کرنے کے بعد طلباء نعرے لگاتے ہوئے سونہ وار گئے اور اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے دھرنا دیکر اسرائیلی بربریت کے خلاف نعرے لگائے۔ انتظامیہ اور پولیس حکام نے پہلے ہی احتیاتی طور پر ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے پریس کالونی سرینگر میں اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا تھا جس کی وجہ سے پریس کالونی سرینگر فوجی چھاؤنی میں تبدیل نظر آرہی تھی، بڈگام میں سینکڑوں طلباء نے احتجاجی ریلی نکالی اور مین چوک میں دھرنا دیکر اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔
خبر کا کوڈ : 399927
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش