0
Thursday 17 Jul 2014 13:49

ملک بھر میں کریک ڈائون، کالعدم تنظیموں سے تعلق کے شبہ میں 500 افراد گرفتار

ملک بھر میں کریک ڈائون، کالعدم تنظیموں سے تعلق کے شبہ میں 500 افراد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ سکیورٹی فورسز نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران پانچ سو سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ اْن کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے ان افراد کے خلاف تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف یہ کارروائی شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کے ممکنہ ردعمل کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق سب سے زیادہ گرفتاریاں صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ہوئی ہیں، جن کی تعداد تین سو سے زائد ہے۔ اہلکار کے مطابق پنجاب کے شہر بہاولپور سے سب سے زیادہ گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ پنجاب کے بعد سب سے زیادہ گرفتاریاں کراچی میں ہوئیں، جن کی تعداد ایک سو سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ صوبہ خیبر پی کے اور بلوچستان سے بھی 150 کے لگ بھگ گرفتاریاں کی گئی ہیں۔

اہلکار کے مطابق وفاقی حکومت کو خفیہ اداروں کی طرف سے بھیجی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے علاوہ طالبان اور اْن کے حمایتیوں کی سب سے بڑی تعداد کراچی میں ہے۔ وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق حساس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم تنظیموں کے خلاف ہونے والے کریک ڈاؤن سے متعلق وزارت داخلہ کو آگاہ کیا ہے جبکہ اس بارے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پالیسی تیار کرنے والے ادارے نیکٹا کو بھی اطلاعات فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری جانب شدت پسندوں اور کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد کے کوائف جمع کرنے اور ان تنظیموں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں قائم کیے گئے خفیہ یونٹوں نے کام شروع کر دیا ہے۔ ہر تھانے کے یونٹ میں دو پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جو تھانے کے انچارج کو روزانہ کی بنیاد پر ان تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد سے متعلق رپورٹ دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 399963
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش