0
Friday 18 Jul 2014 13:52

ضلعی انتظامیہ نے لاہور میں یوم علیؑ کا جلوس حساس قرار دیدیا، پروپیگنڈہ ہے، ایم ڈبلیو ایم

ضلعی انتظامیہ نے لاہور میں یوم علیؑ کا جلوس حساس قرار دیدیا، پروپیگنڈہ ہے، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے یوم شہادت حضرت علی  علیہ السلام کے جلوس کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے ان کی سکیورٹی انتہائی سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے 21 رمضان المبارک کو یوم علی علیہ السلام کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس کو انتہائی حساس قرار دے دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے، جلوس کی گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل سکواڈ سے کلیئر کرایا جائے گا جبکہ انہیں کلوز سرکٹ کیمروں سے بھی مانیٹر کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یوم علی پر لاہور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم شہر میں دفعہ 144 نافذ کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ موبائل فون سروس کی بندش کے بارے میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلوسوں کے روٹ پر شرکا کے لئے سبیلیں اور امدادی کیمپ لاہور پولیس کے سربراہ کی اجازت سے لگائے جائیں گے۔

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان مظاہر شگری نے اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلوس کو حساس قرار دینا ضلعی انتظامیہ کو ڈرامہ ہے جس کا مقصد عزاداروں کے دلوں میں خوف پیدا کرنا ہے تاکہ وہ جلوس میں کم تعداد میں شرکت کریں۔ مظاہر شگری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شائد نہیں جانتی کہ ہماری درس گاہ کربلا ہے جہاں موت شہد سے زیادہ شیریں ہے، ہم موت سے نہیں ڈرتے، ہم اپنے مولا علیہ السلام کا غم مناتے رہیں گے اس کے لئے جان تو کیا ہم اپنا سب کچھ بھی قربان کرنے کے لئے تیارہیں۔ مظاہر شگری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جلوس کو سکیورٹی فراہم کرئے یہ اس کی ذمہ داری ہے جبکہ ہمارے بھی دو ہزار رضا کار جلوس کے انتظامات میں مصروف عمل ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 400158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش