0
Tuesday 12 Aug 2014 19:53

منہاج القرآن سیکرٹریٹ سے اسلحہ برآمد ہو گیا تو مارچ سے دستبردار ہو جاؤں گا، ڈاکٹر طاہرالقادری

منہاج القرآن سیکرٹریٹ سے اسلحہ برآمد ہو گیا تو مارچ سے دستبردار ہو جاؤں گا، ڈاکٹر طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ وہ حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ یہاں آئیں اور تلاشی لے لیں اگر ان کے دفتر سے اسلحہ نکل آئے تو فوری طور پر انقلاب مارچ سے دستبردار ہو جائیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا کوئی کارکن بدامنی پھیلانے کا تصور بھی نہیں کر سکتا، انہوں نے انتہائی پرتشدد حالات میں بھی صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، اس لئے یہ تحریک انفرادی اور اجتماعی طور پر بدامنی کا تصور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کسی ایک بھی کارکن نے کہیں گولی نہیں چلائی بلکہ انہوں نے جبر و تشدد کا سامنا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس بعض لوگ ناجائز طریقے سے تاریخ کی سب سے بڑی پرامن تحریک کو پرتشدد ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں، وہ دعوت دیتے ہیں کہ حکومت اور ملک کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے غیر متعصب رہنماؤں کا وفد منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں آئیں اور کہیں بھی اور کبھی بھی دیکھ لیں کہ ہمارے کارکن مسلح ہیں یا نہیں اگر انہیں اسلحہ مل جائے تو وہ فوری طور پر انقلاب مارچ سے دستبردار ہو جائیں گے اور جو بھی سزا وہ تجویز کریں وہ قبول کریں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ان کی تحریک اور انقلاب مارچ میں منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کے طلباء شامل نہیں انہیں تو 21 اگست تک تعطیلات پر اپنے اپنے گھروں میں بھیج دیا گیا ہے، منہاج یونیورسٹی کے ہاسٹل طلباء سے خالی ہیں اور وہاں خواتین اور مرد کارکن رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرامن احتجاج کی ضمانت دے رہے ہیں اور ان کی تحریک اور کارکن اسلام آباد پہنچ کر بھی پر امن رہیں گے لیکن اس کے باوجود ان کے راستے میں رکاوٹیں حائل کر دی گئی ہیں۔ حکومت ہمیں محبوس رکھنا چاہتی ہے لیکن اس طرح کے ہتھکنڈوں سے تحریک ختم نہیں ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 404412
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش