0
Sunday 14 Sep 2014 09:11

کارکنوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتا، الطاف حسین کا پارٹی قیادت سے دستبرداری کا فیصلہ پھر واپس

کارکنوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتا، الطاف حسین کا پارٹی قیادت سے دستبرداری کا فیصلہ پھر واپس
اسلام ٹائمز۔ کارکنوں کو مشکل کی گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑ سکتا، ان کا ساتھ دوں گا، لندن سے ٹیلیفونک خطاب۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین نے پارٹی قیادت سے دستبرداری کا فیصلہ ایک بار پھر واپس لے لیا ہے۔ لندن سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ میں قیادت کے لئے کسی نوجوان کو سامنے لانا چاہتا ہوں۔ خطاب کے دوران کارکنوں نے پرجوش نعرے لگائے اور ان سے فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی۔ الطاف حسین نے کارکنوں کی فرمائش پر ایک بار پھر اپنا استعفٰی واپس لے لیا ہے اور ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پارٹی کی قیادت سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے کارکنوں سے کہا ہے کہ انہوں نے آخری مرتبہ کارکنوں کی بات مانتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ نائن زیرو پر پارٹی کے کارکنوں سے ٹیلی فون پر خطاب میں الطاف حیسن نے کہا کہ ایکشن سیل رابطہ کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کے لیے انٹرویو کیے جائیں، جبکہ انہوں نے نئی رابطہ کمیٹی کے لیے سیکٹرز سے نام بھی طلب کرلیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو اب ان کی بات ماننی پرے گی اور وہ اب خود پارٹی کی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے ایم کیو ایم کی قیادت سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ باربار کہنے کے باوجود رابطہ کمیٹی نے اپنا رویہ درست نہیں کیا، لہذا آج سے پارٹی کی تمام ذمہ داریاں رابطہ کمیٹی کے سپرد کرتا ہوں۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی کے لیے جو کردار ادا کیا بدقسمتی سے اس میں کامیاب نہیں ہوسکا، خواہش ہے کہ رابطہ کمیٹی پارٹی اعلؑی ظرفی سے پارٹی چلائے اور جسے چاہے قیادت کے لیے چن لے۔ الطاف حسین نے کہا تھا کہ جب تک زندہ ہوں حق اور سچ میرا مشن اور پارٹی کے ایک، ایک فرد کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتا رہوں گا۔ انہوں نے ساتھ دینے پر تمام ساتھیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس بیان کے بعد متحدہ کے کارکنوں اپنے قائد سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے رات گئے نائن زیرو میں جمع ہونا شروع ہوگئے، جہاں اتوار کی صبح الطاف حیسن نے کارکنوں سے خطاب میں یہ فیصلہ واپس لیا ہے۔ کارکنان کا کہنا تھا کہ وہ الطاف حسین کے علاوہ کسی کو قائد نہیں مانتے۔ دوسری جانب متحدہ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے اپیل کی تھی کہ الطاف بھائی ہماری غلطیوں کو معاف کریں اور اپنا فیصلہ واپس لیں۔
خبر کا کوڈ : 409620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش