0
Tuesday 16 Sep 2014 09:37

کراچی پولیس نے 3 ٹارگٹ کلر سمیت 15 جرائم پیشہ گرفتار کرلئے

کراچی پولیس نے 3 ٹارگٹ کلر سمیت 15 جرائم پیشہ گرفتار کرلئے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 3 ٹارگٹ کلرز سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث 15 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، دستی بم اور منشیات برآمد کرلی، گرفتار ٹارگٹ کلرز 10 افراد کے قتل میں ملوث ہیں، جرائم پیشہ ملزمان نے 80 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، یہ بات ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ نے پریس کانفرنس میں بتائی۔ منیر شیخ نے کہا کہ گلشن اقبال پولیس نے کالعدم دہشتگرد تنظیم کے ٹارگٹ کلر محمد شکیل برمی کو گرفتار کر کے پستول اور گولیاں بر آمد کرلی، ٹارگٹ کلر شکیل برمی نے 1994ء میں ساتھیوں راشد، عارف، پرویز، مجاہد ارشد فاروقی کے ساتھ مل کر اہل تشیع مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے سعید آباد کے رہائشی 2 سگے بھائیوں اور نور امام نامی شخص کو قتل کیا، ملزم ماضی میں بھی سنگین مقدمات میں پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوا ہے۔ آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ نے کہا کہ شبہ ہے کہ گرفتار ٹارگٹ کلر شکیل برمی حالیہ فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ کا ماسٹر مائنڈ ہے۔
 
گلستان جوہر پولیس نے ٹارگٹ کلر طاہر عرف پنجابی کو گرفتار کرکے پستول اور گولیاں برآمد کر لی ہیں ملزم نے 3 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم نے2007ء میں چشتی نگر میں ایک شخص کو قتل کیا، ورائٹی سوسائٹی کے قریب ملزم نے زہرہ نامی خاتون کو قتل کیا اور گلستان جوہر میں بھتہ نہ دینے پر لیاقت کباڑی کا قتل کیا۔ شاہراہ فیصل پولیس نے ٹارگٹ کلر محمد سہیل عرف گاما اور 4 جرائم پیشہ اسٹریٹ کریمنل محمد عاطف، خرم محمود، یاسر اور محمد عادل کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی، گرفتار ٹارگٹ کلرز مذکورہ گروہ کا سرغنہ ہے، ٹارگٹ کلر سہیل عرف گاما کے خلاف 4 قتل سمیت درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔ شاہراہ فیصل پولیس نے گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے سرغنہ عامر علی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لیں، ملزم عامر علی نے طارق روڈ، بہادر آباد، ٹیپو سلطان، ناظم آباد، شاہراہ نور جہاں اور گلستان جوہر میں گھروں میں ڈکیتی کی 25 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
 
بریگیڈ اور عزیز بھٹی پولیس نے 2009ء میں آئی آئی چند یگر روڈ پر الائیڈ بینک میں ہونے والی 52 کروڑ روپے کی بینک ڈکیتی کی واردات میں ملوث ڈکیت اقبال شاہ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں۔ ملزم کے 7 ساتھی ناصر حسین، بہار، گلزار حسین، اختر، آصف، نواب اور رحیم عرف شاہ جی تاحال مفرور ہیں۔ ملزم کے خلاف گلستان جوہر میں 7 اور شاہراہ فیصل تھانے میں ایک مقدمہ درج ہے۔ گلشن اقبال، بریگیڈ اور نیوٹائون پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 6 ملزمان جمشید عامل شاہ عرف جمی، وزیر محمد، نور محمد، فیضان علی عرف سونو، عمران علی، سعید جان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 6 پستول، گولیاں اور 20 ٹوکن ہیروئن برآمد کر لی، ملزم جمشید، وزیر محمد اور نور محمد کا تعلق مدثر چیف گروپ سے ہے۔
خبر کا کوڈ : 409925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش