0
Tuesday 23 Sep 2014 00:20

ایف سی بلوچستان کا ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن

ایف سی بلوچستان کا ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن
اسلام ٹائمز۔ فرنٹیئرکور بلوچستان نے ضلع خضدارکے علاقے کلی لوپ (وڈھ) میں خفیہ اداروں کی اطلاع پر دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن کے دوران 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اُن کے قبضے سے 2 ایس ایم جی، 4 میگزین بمعہ 100راؤنڈز، 1 عدد دوربین، 1 عدد پاسپورٹ، 1 عدد لیپ ٹاپ، 1 عدد پی 22 گن بمعہ راؤنڈز، 1 عدد موٹر سائیکل اور 5 موبائل برآمد کر لئے۔ زیر حراست دہشت گردوں کی نشاندہی پر فرنٹئیر کور بلوچستان نے گذشتہ شب مزید کارروائی کرتے ہوئے وڈھ کے علاقے کلی لوپ میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کو نرغے میں لیا۔ دہشتگردوں نے فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائر کھو ل دیا۔ دونوں جانب شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں یونائیٹڈ بلوچ آرمی اور لشکر بلوچستان کے 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ اُن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحہ اور گولہ بارود میں 3 عدد پریما آئی ای ڈیز (بم ڈسپوزل اسکوارڈ نے ناکارہ بنا دیا)، 4 عدد آر پی جی سیون راکٹ لانچر، 1 عدد چائنہ گن، 1عدد ایمونیشن بکس اور ٹی این ٹی بلاکس شامل ہیں۔

واضح رہے حساس اداروں کی جانب سے اطلاع تھی کہ برآمد ہونے والا مذکورہ اسلحہ اور گولہ بارود کو ہلاک اور گرفتار ہونے والے دہشتگردوں نے خضدار اور گردونواح میں معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پرحملوں کیلئے استعمال کرنا تھا لیکن فرنٹئیرکور بلوچستان کی کامیاب اور بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے فرنٹئیرکور بلوچستان کی دہشتگردوں کیخلاف بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے جوان صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہیں اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے کارروائیاں ہمہ وقت جاری رہیں گی۔ فرنٹیئر کور صوبے میں بدامنی پھیلانے والے شرپسندوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھے گی، تاکہ صوبے کو دہشت گردوں سے چُھٹکارا دلایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 411113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش