0
Thursday 25 Sep 2014 17:15

ہائیکورٹ نے کالعدم تنظیم کے سربراہ ملک اسحاق کی نظر بندی میں 3 ماہ توسیع کر دی

ہائیکورٹ نے کالعدم تنظیم کے سربراہ ملک اسحاق کی نظر بندی میں 3 ماہ توسیع کر دی
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے سربراہ ملک اسحاق کی نظر بندی میں مزید 3 ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ ملک اسحاق کو آج ملتان جیل سے بھاری سکیورٹی میں لاہور ہائیکورٹ میں پیش کیا گیا۔ ملک اسحاق نے اپنی نظر بندی  کیخلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ انہیں بغیر کسی جرم کے ملتان جیل میں نظر بند رکھا گیا ہے، ان کی نظر بندی ختم کی جائے۔ ہائیکورٹ کے تین رکنی نظربندی بورڈ نے درخواست کی سماعت کی۔ 3 رکنی نظر بندی بورڈ میں جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس فرخ عرفان خان اور جسٹس عبدالسمیع شریک تھے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ ملک اسحاق کو مخالف فرقہ کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر نظر بند کیا گیا تھا اور ان کی رہائی سے امن عامہ کو خطرہ ہے اس لئے ان کی نظر بندی میں توسیع دی جائے۔ عدالت میں پیش ہو کر کالعدم جماعت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف بےبنیاد الزامات ہیں، ان کی یہ نظر بندی بھی غیر قانونی اور غیر آئینی ہے اس لئے اسے ختم کرتے ہوئے عدالت ان کی رہائی کا حکم دے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ محرم الحرام کی آمد آمد ہے، اس لئے ملک اسحاق کا باہر رہنا امن و امان کی صورت حال خراب کر سکتا ہے اس لئے ان کی نظر بندی میں توسیع کی جائے۔ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

شام کو پونے چار بجے عدالت نے دوبارہ ملزم کو طلب کیا جسے پولیس لے کر ملتان کے لئے روانہ ہو چکی تھی تاہم پولیس نے وائرلیس پیغام نشر کروا کر ملک اسحاق کو واپس عدالت بلوایا۔ ہائی کورٹ کے نظر ثانی بورڈ کے ججز کا کہنا تھا کہ عدالت ملک اسحاق کی موجودگی میں فیصلہ سنائے گی۔ ملک اسحاق کو جب دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا تو 3 رکنی بنچ نے ان کی نظر بندی میں مزید3 ماہ کی توسیع کر دی۔ ملک اسحاق کی عدالت پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 411626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش