0
Monday 29 Sep 2014 12:51
داعش کے دہشتگردوں کو پاکستان کی سرزمین قبول نہیں کریگی

امریکی سرپرستی میں داعش کیخلاف بننے والا عالمی اتحاد ایک ڈرامہ ہے، ثروت اعجاز قادری

طالبان اور داعش جیسی تنظیموں کے باعث مسلمانوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے
امریکی سرپرستی میں داعش کیخلاف بننے والا عالمی اتحاد ایک ڈرامہ ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے کی سازش کی جا رہی ہے، نواز حکومت عوام کی سوچ و منشاء کی نمائندگی کرنے میں ناکام ہے، دہشتگردی نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے، دہشتگرد تنظیم داعش پاکستان کا رخ کرنا چاہتی ہے، حکومت کو واضع کرنا چاہتے ہیں کہ داعش دہشتگرد تنظیم کو پاکستان کی سرزمین پر قدم نہ رکھنے دے، حکومتی سطح پر داعش کے خلاف قانون کو حرکت میں لایا جائے، مزارات کے دشمن یہودیوں کے پیروکار ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر شیر شاہ، اورنگی ٹاﺅں سے آئے ہوئے معززین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی نقل و حمل کو مسلسل واچ کیا جائے، علماء و مشائخ اہلسنت، کارکنان, مزارات کے تحفظ اور داعش کے باطل نظریات سے عوام کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ داعش نے عراق میں انبیاء اور صحابہ کرام سمیت مقدس شخصیات کے مزارات شہید کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے، مزارات کو مسمار کرنے کے اقدام سے اُمت مسلمہ کے دل چھلنی ہوگئے ہیں۔ سربراہ سنی تحریک کا کہنا تھا کہ طالبان اور داعش جیسی تنظیموں کے باعث مسلمانوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، ان کی گمراہی کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا اہل علم کی ذمہ داری ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ جنت البقیع میں اہلبیت اور صحابہ کرام کی قبور مبارک پر بلڈوزر چلانے والے ،حضور اکرم (ص) کی والدہ ماجدہ حضرت آمنہ رضی اللہ عنہ کے مزار کو بلڈوز کرنیوالے داعش کے دہشتگردوں کو پاکستان کی سرزمین قبول نہیں کریگی ،مسلمانیت کے لبادے میں یہودیوں کے پیروکار داعش کے دہشتگرد چھپے ہیں، عوام ان سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں داعش کیخلاف بننے والا عالمی اتحاد ایک ڈرامہ ہے، امریکہ اور مغربی ممالک عراق اور شام میں اپنے مفادات کا حصول چاہتے ہیں، مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے داعش کو اسلامی حکومت کا نام دینا اسلام دشمنی ہے، حقیقت یہ ہے کہ امریکہ نے داعش کو خود تشکیل دیا ہے، تاکہ دہشتگردی کے خلاف مہم کو جواز بنا کر مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کرسکے۔ سربراہ پی ایس ٹی کا کہنا تھا کہ داعش اور طالبان کو بنانے والے ایک ہی ہیں جو مسلمانوں میں فرقہ دارانہ فسادات کروانا چاہتے ہیں، دہشت گرد تنظیم داعش کے نام پر عرب ممالک کے خرچ پر مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کو مضبوط کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ خطے کی دو بڑی طاقتوں ایران اور شام کو داعش کے خلاف اتحاد سے باہر رکھنے سے واضح ہوگیا ہے کہ امریکہ اس کی آڑ میں اسرائیلی مفادات کا تحفظ چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی پالیسیاں تضادات اور منافقت پر مبنی ہیں، عرب ممالک امریکہ کے آلہ کار بننے کی بجائے داعش کے خاتمے کیلئے ازخود حکمت عملی تشکیل دیں۔
خبر کا کوڈ : 412241
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش