0
Thursday 6 Nov 2014 18:24

کے آئی یو میں یوم آزادی گلگت بلتستان کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد

کے آئی یو میں یوم آزادی گلگت بلتستان کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد
اسلام ٹائمز۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں یوم آزادی گلگت بلتستان کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں فیکلٹی، ملازمین سمیت کثیر تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے یوم آزادی گلگت بلتستان پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور غازیوں اور شہداء کی خدمات میں خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کرنل مرزا حسن، کیپٹن بابر خان، کرنل شاہ خان، میجر مرتضیٰ، کرنل احسان علی، صوبیدار علی شیر اور صوبیدار صفی اللہ بیگ کی خدمات کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔ مقررین نے کہا کہ گلگت بلتستان کی آزادی پوری دنیا میں ایک منفرد جدوجہد ہے جو اپنی مدد آپ کے پیش نظر لڑی گئی۔ گلگت بلتستان کے عوام نے بغیر کسی بیرونی امداد کے دشمنوں سے اسلحہ چھین کر اس علاقے کو آزاد کرایا۔ اس آزادی کی جنگ میں گلگت بلتستان کے ہر طبقہ فکر نے انتہائی اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کیا۔

مقررین نے کہا کہ ہمیں اس علاقے میں امن و امن کے قیام میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا اس علاقے کو قدرت نے بے پناہ قدرتی وسائل اور نعمتوں سے نوازا ہے جس کا فائدہ اٹھانے کیلئے اور عوام میں خوشحالی لانے کیلئے امن و امان کا قیام اولین ضرورت ہے۔ مقررین نے موجودہ حکومت کی امن و امان کے قیام کے سلسلے میں کی گئی کوششوں کو سراہا اور اساتذہ اور طلباء سے کہا کہ وہ اس امن و امان کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کیلئے انفرادی طور پر اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ تقریب میں رجسٹرار شاہد علی، ڈین ڈاکٹر عارف النساء نقوی ،ڈین لویا ہولڈن، ڈین ڈاکٹر محمد سلیم خان، ٹریژر شاکر شمیم اور کنٹرولر امتحانات محمد عارف نے بھی شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض لیکچرار محمد ظفر شاکر اور اسسٹنٹ پروفیسر قمر عباس نے سر انجام دئیے۔
خبر کا کوڈ : 418250
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش