0
Friday 28 Nov 2014 19:52

داعش اسلامی لبادے میں دہشت گردوں کا ٹولہ ہے جس کا ایجنڈا صرف تباہی ہے، جماعت اہل سنت

داعش اسلامی لبادے میں دہشت گردوں کا ٹولہ ہے جس کا ایجنڈا صرف تباہی ہے، جماعت اہل سنت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے ناظم اعلیٰ صوفی محمد حسین لاکھانی نے کہا کہ داعش اسلامی لبادے میں دہشت گردوں کا ٹولہ ہے جس کا ایجنڈا صرف اور صرف تباہی اور بربادی ہے، ملک کے مختلف شہروں میں داعش کی چاکنگ اور پمفلٹ کی تقسیم حکومتی و سیکیورٹی اداروں کے لئے الارم ہے، ملک میں داعش کے حامی موجود ہیں، سیکیورٹی اداروں کا داعش کی موجودگی سے انکار غفلت کے سوا کچھ نہیں، حکومت داعش کے فتنے کے سدباب کیلئے قبل از وقت لائحہ عمل اپنائے، داعش کے وجود سے چشم پوشی خطرناک ہوگی۔ انہوں نے جماعت اہلسنّت نارتھ کراچی کی بیداری اہلسنت کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایک مخصوص فکر کا حامل داعش نامی گروہ اپنی مذموم کاروائیوں کے سبب دین اسلام کے روشن چہرے کو مسخ کر رہا ہے، اسلام کے نام پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، جتنے لوگ اس گروہ کے ہاتھوں قتل ہوئے ان میں اکثر کلمہ گو ہی نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ گروہ اسلامی ریاستوں میں فتنہ و فساد اور شورش پھیلا رہا ہے، مسلمانوں کا خون بہانا، مساجد مزارات کو بم دھماکوں سے تباہ کرنا کس طرح کا جہاد ہے اور یہ کس طرح دین کی خدمت ہے۔ کیا اکابرین اسلام میں سے کسی نے اسطرح دین کا کام کیا؟ جہاد کے نام پر قتال کرکے دنیا کی امن و سلامتی کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے، اس گروہ کے لوگوں نے شام و عراق میں انبیاء و صالحین کے مزارات کو بم دھماکوں سے اڑاکر اہل ایمان کے جذبات کو شدید مجروح کیا، ایسے گروہوں کی فتنہ پروری کے باعث آج دنیا دین اسلام پر دہشت گردی کا لیبل لگا رہی ہے۔ حسین لاکھانی نے واضح کیا کہ پاکستان صوفیائے کرام کے ماننے والوں کی سر زمین ہے یہاں بزرگان دین اور شعائر اسلام کی پامالی قطعاً برداشت نہیں، دہشت و بربریت کی مثال داعش اور اس کے حامیوں کا وجود اس پاک سرزمین پر نحوست ہوگا، داعش کی سپورٹ، حمایت اور چاکنگ کرنے والی کالعدم تنظیموں کے عناصر کو گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 421963
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش