0
Thursday 4 Dec 2014 23:52

عمران خان نیازی پلے بوائے ہیں ان کو سیاست کا کچھ پتہ نہیں ہے، حافظ حسین احمد

عمران خان نیازی پلے بوائے ہیں ان کو سیاست کا کچھ پتہ نہیں ہے، حافظ حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ دھرنوں میں خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل استعمال کیا جارہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر بھی عمران خان کے زیر استعمال ہے، وزیراعلیٰ پرویز خٹک اپنے صوبے کی عوام کی خدمت کے بجائے دھرنوں میں شریک ہوکر رقص کرنے میں مصروف ہے جبکہ ضرب عضب آپریشن کے باعث لاکھوں بے گھر ہونے والے افراد سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی جیکب آباد کے رہنما احمد خان اوڈھو کے انتقال پر ان کے بیٹے محمد علی اوڈھو سے تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ دھرنے والوں نے سیاست سے اخلاقیات کو ختم کردیا ہے، سیاست میں اخلاق اور دلیل کی بنیاد پر بات کی جاتی ہے مگر وہ گالی کی زبان استعمال کررہے ہیں، اگر ہمارے قائد کے خلاف گندی زبان استعمال کی گئی تو ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں، جے یو آئی نے ہمیشہ دلیل کی بنیاد پر بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی پلے بوائے ہیں ان کو سیاست کا کچھ پتہ نہیں ہے، انگلی کے ذریعے وزیراعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا کیونکہ وزیراعظم بننے کے لیے انگلی کی نہیں ووٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے سپوت شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کے خلاف 5 دسمبر کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کو حق اور سچ بولنے کی سزا دی جارہی ہے، کوئٹہ میں مولانا فضل الرحمن پر خودکش حملہ ہوتا ہے اور سکھر میں ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو شہید کیا گیا، ہمیں راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے جے یو آئی ایسی کاروائیوں سے ڈرنے والی نہیں، ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں مگر ہمیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، سندھ اور بلوچستان کے قدرتی وسائل سے وہاں کی عوام کو محروم رکھا جارہا ہے جس کے باعث چھوٹے صوبوں کی عوام احساس محرومی کا شکار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 423413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش