0
Monday 8 Dec 2014 22:28

پاکستان عوامی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین کیجانب سے تحریک انصاف کے احتجاج کی حمایت کا اعلان

پاکستان عوامی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین کیجانب سے تحریک انصاف کے احتجاج کی حمایت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور مجلس وحدت مسلمین کے راہنما ناصر شیرازی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ دونوں جماعتیں آج تحریک انصاف کی طرف سے اعلان کیے گئے یوم سوگ میں شریک ہونگی۔ راہنمائوں نے پرتشدد واقعات اور پی ٹی آئی کے دو کارکنوں کی اموات کا ذمہ دار نون لیگ کو ٹھہراتے ہوئے اس کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے شانہ بشانہ ہیں۔ نون لیگ ریاستی دہشت گردی کو پروان چڑھا رہی ہے اور اپنے اس رویے سے تمام جماعتوں کو صف آرا ہونے پر مجبور کر رہی ہے۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے صوبائی صدر بشارت جسپال، ساجد بھٹی، قاضی فیض، راجہ زاہد اور مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی، رانا ماجد علی بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے اور تحریک انصاف کے درمیان اختلافات کی خواہش رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، ہم مستقبل میں متفقہ لائحہ عمل تشکیل دینے کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کہا کہ 17 جون ماڈل ٹائون کے شہداء کی طرح فیصل آباد کے شہداء بھی کسی ایک جماعت کے نہیں ہم سب کے مشترکہ شہداء ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم مظلوموں کے ساتھ ہیں۔ حکمرانوں کو مظلوموں کی طاقت کا اندازہ ہی نہیں۔ نون لیگ نے ماڈل ٹاؤن، اسلام آباد اور اب فیصل آباد میں ریاستی دہشت گردی کی انتہا کر دی ہے، یہ دہشت گردوں کی جماعت ہے، اس کے وزیر کھلم کھلا دہشت گردوں کی سرپرستی کرتے ہیں، بہت جلد اینٹی مسلم لیگ نون الائنس تشکیل دیں گے، حکومت سالوں نہیں دنوں اور مہینوں کی مہمان ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح فیصل آباد میں بھی غنڈہ گردی کی ابتدا نون لیگ کی طرف سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر پرویز رشید کی پریس کانفرنس اور رانا ثناء اللہ کے بیانات سے حالات مزید بگڑتے نظر آ رہے ہیں۔ پنجاب پولیس کو تشدد کرنے کے سوا اور کچھ نہیں آتا۔

رہنمائوں نے اعلان کیا کہ کل منگل کو تحریک انصاف کے ہر شہر میں ہونیوالے یوم سوگ کے احتجاج میں شریک ہونے کے ساتھ ساتھ فیصل آباد میں شہداء کی نماز جنازہ میں شریک ہوں گے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب بتائیں کہ جب احتجاج تحریک انصاف کا تھا تو نون لیگ کے کارکن ڈنڈے اور اسلحہ لے کر وہاں کیوں گئے۔؟ انہوں نے کہا کہ عدالتیں بھی قطرہ قطرہ فیصلے کرنے کی بجائے ایک ہی بار فیصلہ سنائیں۔ تحریک انصاف ڈیڑھ سال سے این اے 122 کا حلقہ کھولنے کا مطالبہ کر رہی تھی جو اب کھولا گیا، اگر یہ فیصلہ قانون کے مطابق 90 دن کے اندر ہو جاتا تو یہ حالات نہ ہوتے۔ انہوں نے این اے 122 کا حلقہ کھولنے کا فیصلہ آنے کے بعد نون لیگ کے کارکنوں کی طرف سے عدالت پر چڑھائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انکا مائنڈ سیٹ ہے، یہ کسی قانون اور عدالت کو نہیں مانتے، ہم نے حکومتی جے آئی ٹی کو اس لئے مسترد کیا کہ اس میں ہمارے ساتھ مشاورت نہیں کی گئی، حکمرانوں کا دامن صاف ہوتا تو جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کرنے سے نہ ڈرتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اور تحریک انصاف کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، روزانہ کی بنیاد پر ہمارے درمیان رابطے ہیں اور حکومت گرانے کیلئے اکٹھے ہیں۔ مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے اور باہمی تعاون کے حوالے مشاورت جاری ہے، تجویز کی شکل میں ورکنگ پیپر کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 424321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش