0
Thursday 11 Dec 2014 20:07

چہلم امام حسینؑ سمیت تحریک انصاف کے احتجاج کو بھی سکیورٹی فراہم کرینگے، قائم علی شاہ

چہلم امام حسینؑ سمیت تحریک انصاف کے احتجاج کو بھی سکیورٹی فراہم کرینگے، قائم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا جھگڑا کسی اور جماعت سے کسی اور جگہ پر ہے، لیکن وہ اپنی طاقت کراچی میں دکھانا چاہتی ہے، تاہم ان کا احتجاج پُرامن ہوا تو اسے نہیں روکا جائے گا، جبکہ اس دوران کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں تحریک انصاف کے کل ہونے والے احتجاج اور اس کی سکیورٹی کے حوالے سے غور کیا گیا، جبکہ اس موقع پر چہلم حضرت امام حسینؑ پر بھی سکیورٹی پلان سے متعلق امور زیر غور آئے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے اجلاس کے شرکاء کو کل کے سکیورٹی پلان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں تحریک انصاف کے احتجاج کے لئے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے، جس کے تحت 16 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا جھگڑا کسی اور جماعت سے اور کسی اور جگہ پر ہے، لیکن وہ اپنی طاقت کراچی میں دکھانا چاہتے ہیں، تاہم ان کا احتجاج پُرامن ہوا تو اسے نہیں روکا جائے گا، تحریک انصاف کے دھرنوں اور قیادت کو مکمل سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی، لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے 23 مقامات پر دھرنوں کا مطالبہ کیا گیا تھا، جن میں سے 9 پر اتفاق ہوا ہے، جبکہ پی ٹی آئی سے چہلم حضرت امام حسینؑ کے باعث احتجاج مؤخر کرنے کی بھی درخواست کی گئی تھی، کیونکہ شہر میں دہشت گردی کے بھی خدشات ہیں، اور ایسی صورت حال میں ہمیں چہلم سمیت تحریک انصاف کے احتجاج کو بھی سکیورٹی فراہم کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 425021
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش