0
Monday 15 Dec 2014 23:10

کراچی، تارکین وطن کو دستاویزات دینے کے الزام میں ایف آئی اے کا افسر اور ایجنٹ گرفتار

کراچی، تارکین وطن کو دستاویزات دینے کے الزام میں ایف آئی اے کا افسر اور ایجنٹ گرفتار
اسلام ٹائمز۔ ایف آئی اے نے غیر قانونی تارکین وطن اور پناہ گزینوں کو پاکستانی شہری اور سفری دستاویزات فراہم کرنے کے الزام میں پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیاقت علی سمیت 2 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ملزمان کے قبضے سے درجنوں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کیلئے جمع کرائی گئیں رسیدیں برآمد کرلی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل اشفاق عالم نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں کے دوران انسانی اسمگلروں، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے ایجنٹوں اور متعلقہ سرکاری اداروں کے کرپٹ ملازمین کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا۔ اشفاق عالم نے بتایا کہ دو روز قبل اپنے ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر بنگالی تارکین وطن اور افغان پناہ گزینوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کو پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ فراہم کرنے والے ایجنٹ ضمیر احمد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے تارکین وطن کے درجنوں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول کیلئے ملنے والی رسیدیں برآمد کی گئی ہیں، ملزم کی نشاندہی پر پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے چند ماہ قبل ریٹائر ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیاقت علی عرف ببو کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ لیاقت علی کو ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو 5 لاکھ روپے رشوت دینے کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل اشفاق عالم نے بتایا کہ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے اور انھیں امید ہے کہ جلد وہ پاکستانی شہریت اور سفری دستاویزات کو فروخت کرنے والے ایجنٹوں اور ان کی مدد کرنے والے سرکاری اہلکاروں کی نشاندہی کرلی جائیگی۔ اس کے علاوہ 8 لاکھ روپے کے عوض جنوبی کوریا کا ایمپلائمنٹ ویزا فراہم کرنے کا دعویٰ کرنے والے 2 ایجنٹوں کو بھی گرفتار کرلیا اور ان کے خلاف مضبوط مقدمات قائم کئے گئے ہیں۔ اشفاق عالم نے کہا کہ رواں سال کے دوران ایک بھی اشتہاری انسانی اسمگلر کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے، اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون شاہد حیات کی ہدایات کی روشنی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، یہ ٹیم ایف آئی اے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی معاونت سے اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے گی۔ دس دن کے عرصے میں عدالتوں سے مفرور ہونے والے 2 ملزمان کو بھی گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے، وہ انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں، جس میں نہ صرف سرکل کی عمارت اور وہاں کام کرنے والے تفتیشی افسران کو متعلقہ سہولت فراہم کی جائیں گی بلکہ انھیں تفتیش کے جدید اصولوں سے بھی آراستہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 425898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش