0
Tuesday 16 Dec 2014 20:24

نیا پاکستان عوام کیلئے بنانا چاہتے ہیں، ہمارے ساتھ تعاون کیا جائے، علی امین خان

نیا پاکستان عوام کیلئے بنانا چاہتے ہیں، ہمارے ساتھ تعاون کیا جائے، علی امین خان
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر مال سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ پشاور میں سکول پر دہشتگردوں کا حملہ انتہائی قابل مذمت ہے، مگر یہ حقیقت ہے کہ آرمی آپریشن کے بعد دہشتگردوں کے حملوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں گومل میڈیکل کالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم عوام کیلئے نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ ہمارے ساتھ تعاون کیا جائے۔ اب قوم میں شعور بیدار ہو گیا ہے۔ گومل میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات بھی بہتر سمجھیں تو پی ٹی آئی کی تحریک کا بھرپور ساتھ دیں۔ گومل میڈیکل کالج کو صوبے کے دیگر کالجز کے برابر سہولیات فراہم کی جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گیارہ کروڑ عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ پی ٹی آئی انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کیلئے قائم ہونیوالے عدالتی کمیشن میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کی شرکت چاہتی ہے۔ انہوں نے پشاور میں آرمی پبلک سکول پر ہونیوالے دہشتگردانہ حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں پر بزدلانہ حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ قبل ازیں دن میں کئی کئی حملے ہوتے تھے، لیکن پاک فوج کے آپریشن شروع ہونے کے بعد کبھی کبھار حملہ ہوتا ہے۔ اس سے قبل پرنسپل گومل میڈیکل کالج ڈاکٹر سلیم افتخار گنڈہ پور نے علی امین گنڈہ پور کی آمد اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی معاونت سے ایک سو طلباء و طالبات کے داخلے اور نئی عمارت کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری کے بعد ہمیں 2015ء میں نئی عمارت میں منتقلی کا مسئلہ درپیش ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو دیگر کالجز کے برابر سہولیات دی جانی چاہئیں، تاکہ وہ گومل میڈیکل کالج کو چھوڑ کر دوسرے اداروں کا رخ نہ کریں۔ تقریب میں مختلف شعبہ جات میں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات سمیت پرنسپل، اساتذہ اور مہمانوں میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 426104
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش