0
Saturday 27 Dec 2014 09:53

مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، چوہدری سرور

مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، چوہدری سرور
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات حل ہو چکے ہوتے تو آج دنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ضرورت نہ تھی، بین الاقوامی برادری نے دہرا معیار اپنا رکھا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں بدامنی ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے یکساں نظام تعلیم کا نفاذ ضروری ہے۔ اس کے علاوہ معاشرے میں بہتری لانے کے لیے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنا پڑے گا۔ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے لندن میں برطانیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا ملین مارچ کر کے مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر زندہ کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈسٹرک بار ایسوسی ایشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت بار کے صدر خالد رشید نے کی جبکہ اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود، ہائوس آف لارڈز کے تاحیات ممبر لارڈ نذیر احمد، ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری ارشد حسین اور وکلاء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

چوہدری سرور نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میرپوراہم شہر ہے، یہاں کی بار اور میرپور شہر نے بہت سے سپوت پیدا کیے، ہائوس آف لارڈز میں پہلے مسلمان رکن ہونے کا اعزاز لارڈ نذیر احمد کو حاصل ہے جن کا تعلق بھی اسی شہرسے ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ جنگ اسی صورت میں جیتی جا سکتی ہے جب پاکستانی قوم متحد ہو گی، سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں نے ہم سب کو رنجیدہ کر دیا ہے۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہے صرف ہمیں باہم متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 428413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش