0
Sunday 4 Jan 2015 12:07

لاہور،مینارپاکستان گراؤنڈ میں عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد

لاہور،مینارپاکستان گراؤنڈ میں عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ مینار پاکستان پر تحریک منہاج القران کے زیر اہتمام اکتیس ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی رہنماؤں سمیت عاشقان رسولﷺنے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب کیا۔ تحریک منہاج القران کے زیر اہتمام منعقدہ عالمی میلاد کانفرنس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، ہندو رہنما پنڈٹ بھگت لعل اور مسیحی رہنما اکرم مسیح گل سمیت پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ میلاد کانفرنس میں خطیب الحاج شیخ اعجاز حسین بھی موجود تھے۔ نعت خواں ثقلین رشید، قاری نور احمد چشتی اور دیگر نے حضور اکرم ﷺ کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ عاشقان رسول ﷺ"سرکار کی آمد مرحبا مرحبا" کے نعرے لگاتے اور جھومتے رہے۔ کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر طاہرالقادری نے خطاب کیا۔ انہوں نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات پر روشی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبیﷺ رحمت اللعالمین ہیں جبکہ اسلام امن محبت اور بھائی چارہ کا دین ہے۔ انہوں نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کو یاد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب میں تمام دہشتگردوں کا بلاتفریق خاتمہ کیا جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کو نہیں بھولے ان کے خون کا انتقام لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی ظلم ہوا، مظلوم اکھٹے ہوئے اور ظالموں کے خلاف قیام کیا، ہمیں بھی  متحد ہوکر ظالموں اور ظالم حکومت کے خلاف قیام کرنا ہو گا۔ کانفرنس کے اختتام پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا، فضاء میں غبارے اور کبوتر چھوڑے گئے۔ کانفرس کے آخر میں خصوصی دعا کروائی گئی، جس کے بعد شرکاء نے ایک دوسرے کو عید میلاد النبی کی مبارک باد پیش کی۔
خبر کا کوڈ : 430206
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش