0
Sunday 15 Feb 2015 08:17

آئی ایس آئی نے اسامہ بن لادن کے ٹھکانے کی معلومات امریکہ کو نہیں دی تھیں، امریکہ

آئی ایس آئی نے اسامہ بن لادن کے ٹھکانے کی معلومات امریکہ کو نہیں دی تھیں، امریکہ
اسلام ٹائمز۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کو عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے محل وقوع کے بارے میں علم نہیں تھا۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان جین ساکی نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کی ان تجاویز کو مسترد کر دیا ہے، جن میں ان کا کہنا تھا کہ جاسوس ایجنسی اسامہ بن لادن کے ٹھکانے کے بارے میں جانتی تھی اور اس نے امریکی ایجنسیوں کے ساتھ یہ معلومات شیئر کیں۔ واضح رہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹینٹ جنرل (ر) اسد درانی نے کہا تھا کہ ہو سکتا ہے، پاکستان نے اُسی برس اسامہ بن لادن کو پناہ دی ہو، جب 2011 میں امریکا نے ایبٹ آباد میں آپریشن کیا تھا۔ غیر ملکی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے آئی ایس آئی حکام کے اس بیان پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا کہ وہ القاعدہ رہنما کی موت تک اسامہ بن لادن کے ٹھکانے سے بے خبر تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یقینی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ کیا ہوا تھا البتہ ان کا اندازہ ہے کہ آئی ایس آئی اسامہ کی موجودگی سے واقف نہ ہو مگر اس سے بھی زیادہ ممکن ہے کہ انہیں معلوم ہو اور درست وقت پر اس کے ٹھکانے کو سامنے لانا چاہتے ہوں، اور یہ وقت اسی وقت آتا ہے جب آپ کسی چیز کا معاہدہ کرلیں کیونکہ اگر آپ کے ہاتھ اسامہ بن لادن جیسا کوئی فرد ہو تو آپ اسے یوں ہی امریکا کے حوالے نہیں کر سکتے۔

اس حوالے سے اپنے بیان میں جین ساکی کا کہنا تھا کہ جیسا کہ اس سے قبل بھی صدر براک اوباما اور سیکریٹری ہیلری کلنٹن کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کو اسامہ بن لادن کے ٹھکانے کا علم نہیں تھا، ہم ابھی بھی اس پر قائم ہیں۔ واضح رہے کہ مئی 2011 میں امریکی نیوی سیل ٹیم 6 نے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں واقع اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ پر چھاپہ مار کر القاعدہ رہنما کو ہلاک کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 440416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش