0
Saturday 28 Feb 2015 22:12

سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کا پھندا، شہیدوں کا قرض ضرور چکائیں گے، ڈاکٹر حسن محی الدین

سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کا پھندا، شہیدوں کا قرض ضرور چکائیں گے، ڈاکٹر حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کی سپریم کونسل کے سربراہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ موجودہ استحصالی نظام کے خلاف ڈاکٹر طاہر القادری کی ایک ایک بات تلخ حقیقت کی صورت آج سب کے سامنے ہے۔ قوم اور فوج دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر مگر حکمرانوں کو سینیٹ میں اپنا اقتدار مضبوط کرنے کی فکر کھائے جا رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے قوم کو اس قدر شعور دیا کہ آج محروم طبقات اپنے حقوق پانے کیلئے شہر شہر دھرنے دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا دس نکاتی ایجنڈا غریب عوام کی آواز ہے، جس دن انہیں قوت نافذہ ملی، کوئی شخص بھوکا نہیں سوئے گا۔ ڈھیل کی باتیں کرنے والے ڈاکٹر طاہر القادری کا جوتا بھی نہیں خرید سکتے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کا پھندا ہے، شہیدوں کا قرض ضرور چکائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری چند دنوں میں پاکستان لوٹنے والے ہیں۔ کارکن اپنی جدوجہد تیز کریں، منزل اوجھل ضرور ہے مگر دور نہیں۔ جمہور کے خون سے سینچی جانے والی جمہوریت جلد اپنے ہی وزن سے گرنے والی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل ہال میں سفیر امن سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا انعقاد ڈاکٹر طاہر القادری کی 64 سالگرہ کی مناسبت سے کیا گیا تھا جس میں کارکن اور شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم جنرل راحیل شریف کی کاوشوں کو سلام پیش کرتے ہیں مگر نظریاتی محاذ پر کام کئے بغیر دہشت گردوں کا خاتمہ ممکن نہیں۔

موجودہ حکمران دہشت گردوں کا سیاسی ونگ ہیں۔ ملکی معیشت آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے۔ نظام بدل کر قوم کو خونی انقلاب سے بچانا چاہتے ہیں۔ عام انتخابات میں ہارنے والوں سینیٹ کے ذریعے اقتدار میں لایا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن بے بس ،سارے فیصلے بدعنوان سیاست دان کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ق کے سینیٹر اجمل وزیر نے کہا کہ ملکی جمہوریت سرمایہ داروں کی غلام ہے۔ بیس بیس کروڑ لگا کر سینیٹر بننے والے خدمت نہیں لوٹ مار کرنے آرہے ہیں۔ پارلیمنٹ کو فاٹا کے حوالے سے قانون سازی کا کوئی اختیار نہیں ،سارے اختیار صدر پاکستان کے پاس ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا ہمیشہ ساتھ دوں گا۔

پیپلز پارٹی کے سابق راہنماء بی اے ملک نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی تاریخ ساز جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج قوم کا ہرفرد اپنے آئینی حقوق کی بات کرنے لگا ہے۔ بھٹو کی طرح ڈاکٹر قادری نے بھی پسے طبقات کو ظالم کے خلاف کھڑا ہونے کا حوصلہ دیا۔ سیمینار سے احمد نواز انجم، سلطان نعیم کیانی، انارخان گوندل، فخر زمان عادل، منصور اعوان، بلال چیمہ اور گل رعناء نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کے آخر ڈاکٹر طاہر القادری کی 64 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی صحت و سلامتی کیلئے اجتماعی دعاء کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 444070
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش