0
Monday 13 Apr 2015 19:49

امامیہ اسکاؤٹس کا اسکاؤٹنگ کیمپ 7 مئی کو مری میں منعقد ہو گا

امامیہ اسکاؤٹس کا اسکاؤٹنگ کیمپ 7 مئی کو مری میں منعقد ہو گا
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان شعبہ اسکائوٹنگ کا ایک اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ آئی ایس او پاکستان لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت امامیہ چیف اسکائوٹ نے کی جبکہ اجلاس میں مرکزی کابینہ اسکائوٹنگ اور اسسٹنٹ چیف اسکائوٹس نے شرکت کی۔ اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے جن میں سالانہ اسکائوٹ کیمپ برائے پروفیشنل ادارہ جات کے انعقاد کو زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں مرکزی صدر تہور حیدری، سینئر نائب صدر احسن نقوی اور ڈویژنل صدر وفا عباس نقوی نے بھی شرکت کی۔ امامیہ چیف اسکائوٹ انصر مہدی نے کہا کہ پاکستان بھر کی جامعات کے طلباء کی اخلاقی، نظریاتی تربیت کیلئے آئی ایس او ہر سال مری میں اسکائوٹ کیمپ منعقد کرتی ہے، امسال بھی چار روزہ کیمپ منعقد کیا جائے گا، جس میں ورزش، احکام، عقائد، سیرت پر علماء کرام اور ماہرین گفتگو کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمپ کے انعقاد کا مقصد طلباء کی فکری ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ معاشرے کے ذمہ دار شہری بن کر اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ مرکزی صدر تہور حیدری کا کہنا تھا کہ آئی ایس او، پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اس کی محافظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ڈپٹی امامیہ چیف اسکائوٹ کا کہنا تھا کہ پروفیشنل ادارہ جات کے طلباء کیلئے غیرنصابی سرگرمیوں کا انعقاد آئی ایس او کا خاصہ رہا ہے، اسکائوٹ کیمپ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکائوٹنگ انسان کو ایک ذمہ دار اور باصلاحیت شہری بننے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اجلاس میں فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، سرگودھا کے اسکائوٹس انچارج بھی شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 454088
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش