0
Tuesday 26 May 2015 21:56

اورنگی ٹاؤن میں ہلاک طالبان دہشتگردوں نے ملیر چھاؤنی پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا، سندھ رینجرز

اورنگی ٹاؤن میں ہلاک طالبان دہشتگردوں نے ملیر چھاؤنی پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا، سندھ رینجرز
اسلام ٹائمز۔ سندھ رینجرز کے ترجمان بریگیڈیئر خرم نے انکشاف کیا ہے کہ اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں آپریشن کے دوران ہلاک طالبان دہشتگردوں نے ملیر چھاؤنی پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بریگیڈیئر خرم نے بتایا کہ ہہلی کارروائی میں رینجرز نے رات گئے مومن آباد میں ایک گھر میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا، اس دوران دہشتگردوں نے رینجرز پر فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے، جب رینجرز کی کارروائی جاری رہی، تو دہشتگردوں نے گھر کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں تین دہشتگرد ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، رینجرز نے گھر سے دو ایوون بم، تین رائفلیں، تین پستول، پانچ آئی ای ڈیز، دس کلو گرام دھماکہ خیزمواد اور خودکش جیکٹیں برآمد کیں۔ ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ایک اور کارروائی میں مومن آباد میں صبح سویرے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا، فائرنگ میں ایک جوان زخمی ہو گیا اور جوابی کارروائی میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جن میں سے ایک نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی، جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے دو ایس ایم جیز، سات رپیٹر، تین راکٹ، چھ خودکش جیکٹیں، 60 کلو گرام بارود، تین تیار آئی اے ڈیز، 37 موبائل فونز اور پانچ کلو گرام بال بیئرنگ بھی برآمد کئے گئے۔ رینجرز ترجمان نے بتایا کہ پیر کی رات لانڈھی میں تیسری کارروائی کی گئی، جہاں سے بڑی تعداد میں بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔

ترجمان رینجرز نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کے دوران 6 مئی کو بلدیہ ٹاؤن سے اغواء کئے گئے بچے فہد مرزا کو بھی بازیاب کرایا گیا، جس کی رہائی کیلئے کروڑوں روپے کا تاوان طلب کیا گیا تھا۔ رینجرز ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ ہلاک طالبان دہشتگردوں نے ملیر چھاؤنی پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے 107 راکٹ برآمد ہوئے ہیں، جس سے یہ شبہ ہوتا ہے کہ دہشتگرد ملیر چھاؤنی پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ 107 راکٹ کی رینج تقریباً ساڑھے آٹھ کلومیٹر ہے، ماہرین کے مطابق افغان طالبان یہ راکٹ اتحادی افواج پر حملوں کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اورنگی ٹاؤن میں گزشتہ رات مارے گئے دہشتگرد علاقے میں آلو بیچتے تھے اور چار ماہ سے خاندان کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔ بریگیڈیئر خرم کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) سے ہے، اور گرفتار دہشتگرد سے تفتیش کے ساتھ دیگر دہشتگردوں کی گرفتاریوں کیلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی۔
خبر کا کوڈ : 463313
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش