0
Wednesday 3 Jun 2015 17:27

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت کی مکمل ہم آہنگی اور اتفاق ہے، شہباز شریف

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت کی مکمل ہم آہنگی اور اتفاق ہے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے پر سیاسی و عسکری قیادت کی مکمل ہم آہنگی اور اتفاق ہے، فوجی آپریشن ضرب عضب میں بے پناہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، دہشت گردی صرف بندوق کی گولی سے ہی نہیں بلکہ تعلیم، صحت اور روزگار کی گولی سے ختم ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کراچی پہنچنے پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے انکا استقبال کیا، شہباز شریف نے قائم علی شاہ کو میٹرو بس کے افتتاحی منصوبے میں شرکت کی دعوت دی ہے، اور سانحہ صفورا کے ملزمان کی گرفتاری پر انہیں مبارکباد بھی پیش کی ہے۔ کراچی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وہ بہت عرصے بعد کراچی آئے ہیں، اور بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی ہے، اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کھانے پر مدعو کیا تھا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سے پاکستان کو درپیش مسائل، بجلی بحران اور دہشت گردی سے متعلق گفتگو ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو بہتر کام کیا، ہم ان سے سیکھیں گے، جبکہ پنجاب میں اپنے دور حکومت کے دوران ہم نے جو کچھ سیکھا، وہ سندھ حکومت کو بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردی کو شکست نہیں دیں گے، یہ ملک نہ ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی امن کا گہوارہ بن سکتا ہے، جبکہ اس کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت، وزارت داخلہ اور چاروں صوبوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت کی مکمل ہم آہنگی اور اتفاق ہے، اور فوجی آپریشن ضرب عضب میں بے پناہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشتگردی صرف بندوق کی گولی سے نہیں بلکہ تعلیم، علاج معالجہ، انصاف، غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کی گولی بھی دینا ہوگی، اور یہ تمام گولیاں مل کر ہی دہشتگردی کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔

بجلی کے منصوبوں اور چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کی زیر نگرانی انتھک محنت ہو رہی ہے، اور چین نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اقتصادی پیکیج دے کر پاکستان کی حکومت اور عوام پر یقین کیا ہے، اور یہ اللہ تعالیٰ کا پاکستان پر احسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر نے پاکستان کو 46 ارب ڈالر کا جو پیکیج دیا ہے، اس میں سے 33 ارب ڈالر بجلی کے منصوبوں کیلئے ہیں، اور سندھ میں بجلی کے منصوبوں کیلئے 10 ارب ڈالر ہیں، جن میں تھرکول پاور پراجیکٹ، پورٹ قاسم، حبکو، اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں نے بلدیاتی انتخابات میں کیا کیا ہے، عمران خان کے دماغ میں جو کوئی بات ڈال دیتا ہے وہ بول دیتے ہیں، اگر خیبر پختونخوا میں پولیس غیر سیاسی ہے، تو پنجاب پولیس بھی سیاسی نہیں، اور میرٹ پر کام کرتی ہے، جس نے کبھی بھی کسی بے گناہ کو ہتھکڑی نہیں لگائی۔
خبر کا کوڈ : 464766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش