0
Wednesday 10 Jun 2015 22:41

وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیگی، نواز شریف

وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیگی، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد، وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ نون کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام نے خطے کی خوشحالی اور عظیم پاکستان کے لئے ووٹ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ مسلم لیگ نون کو مملکت پاکستان کی حقیقی ترقی کا نشان سمجھتے ہیں۔ نواز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون کی وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان کی آئندہ وجود میں آنے والی مسلم لیگ نون کی حکومت عوام کی ترقی، خوشحالی اور قیام امن کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے تاجکستان سے مسلم لیگ نون جی بی کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمٰن سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ الرحمٰن نے ثابت کر دیا کہ وہ خداداد صلاحیتوں کا حامل لیڈر ہے، جو گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے منظّم منشور رکھتا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ نون گلگت بلتستان کے کارکنوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ حفیظ الرحمٰن کی قیادت میں ہمارا فخر ہیں، جنہوں نے پرامن، شفاف اور آزادانہ انتخابات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک سنہری مثال بنا دیا ہے۔ مسلم لیگ نون گلگت بلتستان کے کارکن، ووٹرز سپورٹرز اور عوام بھرپور مبارکباد کے مستحق ہیں، جنہوں نے پاکستان مسلم لیگ نون کو گلگت بلتستان میں سیسہ پلائی دیوار بنا کر سنہرے مستقبل کی داغ بیل ڈالی ہے۔
خبر کا کوڈ : 466017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش