0
Thursday 25 Jun 2015 00:05

بحیثیت اسپیکر خطے کی ترقی و خوشحالی اور قیام امن کیلئے کوششیں کروں گا، فدا محمد ناشاد

بحیثیت اسپیکر خطے کی ترقی و خوشحالی اور قیام امن کیلئے کوششیں کروں گا، فدا محمد ناشاد
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے نامزد اسپیکر حاجی فدا محمد ناشاد نے کہا ہے کہ سپیکر منتخب ہو کر تمام اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لے کر معاملات نمٹائیں گے، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ چیلنجز بہت ہیں، مگر ان چیلنجز کا دیدہ دلیری کے ساتھ تمام اراکین اسمبلی کے تعاون سے بھرپور مقابلہ کریں گے، صوبائی اسمبلی کو مثالی اسمبلی بنانے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے اور علاقے کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور خطے میں مستقل و پائیدار امن کے قیام کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا نام اسپیکر اور جعفراللہ کا نام ڈپٹی سپیکر کیلئے نامزد کر دیا گیا ہے۔ ہم کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے، پھر ہماری تقرریاں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ امن کا قیام، انصاف کی فراہمی اور عادلانہ نظام کا قیام ہماری ترجیحات ہیں، ہم اپنی ترجیحات پر ہر صورت میں عمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی سینیٹ، قومی اسمبلی نہیں ہے، ہمارے لئے صوبائی اسمبلی پارلیمنٹ کے برابر ہے، اس لئے اس ایوان کے تقدس کو کسی صورت میں پامال ہونے نہیں دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی کارروائی چلانا بہت مشکل کام ہے، لیکن اراکین کے تعاون سے اس مشکل کام کو آسان بنائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے والے اراکین بھی نامعقول نہیں ہیں، سب چاہتے ہیں کہ علاقے کی تعمیر و ترقی، خوشحالی کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جتنے لوگ اس دفعہ منتخب ہو کر اسمبلی میں پہنچے ہیں، یہ سب لوگ پچھلی حکومت کی پالیسی سے سخت نالاں ہیں، سب کی خواہش ہے کہ علاقے میں میرٹ کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور امن کے قیام کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش اور خواہش ہوگی کہ میں سب کو ساتھ لے کر چلوں، اپوزیشن جماعتوں کے اراکین سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ بھی خطے کے وسیع تر مفاد میں ہمارے ہاتھ مضبوط کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 468958
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش