0
Thursday 13 Aug 2015 23:57

14 اگست عہد وفا کی تجدید کا دن ہے، آغا علی رضوی

14 اگست عہد وفا کی تجدید کا دن ہے، آغا علی رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے چودہ اگست کی مناسبت سے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ چودہ اگست کا بابرکت دن مسلمانان برصغیر کے لئے خدا کی طرف سے خاص انعام اور انکی محنتوں اور کاوشوں کا صلہ ہے۔ یہ دن اسلاف کی عظیم قربانیوں کی قبولیت کا دن ہے اور اسلام کی سرفرازی کا دن ہے۔ دھرتی ماں کی آزاد فضاوں سے سانس لینے والے کروڑوں انسانوں کے لئے چودہ اگست تجدید عہد کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاف نے وطن عزیز کو عظیم قربانیاں دے کر حاصل کرنے کے لئے ہمیں منتقل کر دیا ہے، جتنی قربانیاں پاکستان کو حاصل کرنے کے لئے درکار تھیں، اس سے کہیں زیادہ پاکستان کو بچانے اور تحفظ فراہم کرنے کے لئے ضرورت ہے۔ جن مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کو معرض وجود میں لایا گیا، ان مقاصد کی راہ میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے بے حساب قربانیاں درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے خواب کی حقیقی تعبیر اور محمد علی جناح کے کاوشوں کے نتیجے میں جو پاکستان معرض وجود میں آیا ہے، اس کو بچانے کے لئے ہزاروں جانوں کی قربانی درکار ہے۔

آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کو اس لئے معرض وجود میں لایا گیا تھا کہ یہ خطہ اسلام کا قلعہ بنے اور اس میں موجود تمام مکاتب فکر اپنے اپنے عقائد کی روشنی میں زندگی گزار سکیں، لیکن افسوس کا مقام ہے کہ عاقبت نااندیشوں کے ذاتی مفاد اور اغیار پرستی کے سبب جہاں ایک طرف پاکستان میں آزادی بیان و عقائد پر پابندی ہے تو دوسری طرف اسکی خارجہ پالیسی میں عالم اسلام کے علاوہ دیگر ممالک سے دوستانہ مراسم ہے۔ اندرون ملک سابقہ آمروں کی ملک دشمن پالیسی اور امریکہ شیطان بزرگ کی فکری غلامی کے نتیجے میں جو شیطانی جماعت بنی، جسے دنیا طالبان کے نام سے جانتی ہے، اس نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کی ساکھ کو متاثر کرکے رکھ دیا ہے۔ اگر ان آستین کے سانپوں کو نہ پالتے اور اول روز سے ہی ان کے سر کچل دیئے جاتے تو نوبت ساٹھ ہزار شہداء کی شہادت تک نہ پہنچتی۔ آج وطن عزیز داخلی اور خارجی دونوں محاذوں پر دشمنوں سے برسر پیکار ہے، بالخصوص اندونی مسائل زیادہ ہیں۔ دہشتگردی کا عفریت پاکستان آرمی اور دیگر شہریوں کی ساٹھ ہزار جانیں نگل چکا ہے، پاکستان میں دہشتگردوں کا مٹھی بھر ٹولہ دندناتا پھر رہا ہے، لیکن لائق صد تحسین ہے پاکستان آرمی جنہوں نے اس شیطانی ٹولے کے خلاف آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا اور انکی کمر توڑ کر رکھ دی۔ ہم دہشتگردوں کے خلاف پاکستان آرمی کے آپریشن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن کو ملکی سلامتی کے لئے ناگزیر سمجھتے ہیں۔ اہلیان پاکستان کو اس عظیم مملکت کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر وقت آمادہ رہنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 479768
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش