0
Tuesday 18 Aug 2015 20:44

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ہلال احمر کے رضاکار کو کوریا میں ایوارڈ سے نوازا گیا

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ہلال احمر کے رضاکار کو کوریا میں ایوارڈ سے نوازا گیا
اسلام ٹائمز۔ ہلال احمر گلگت بلتستان کے ہونہار رضاکار عارف حسین نے کوریا میں ہونے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ہیومنٹی ایورڈ حاصل کر کے عالمی سطح پر پاکستان اور گلگت بلتستان کا نام فخر سے بلند کر دیا۔ ہلال احمر گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ادارے کے سینئر والنٹیئر عارف حسین کو ہلال احمر پاکستان کی جانب سے کوریا میں منعقدہ بین الاقوامی فیڈریشن برائے ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی ) کے چوتھے ماڈل جنرل اسمبلی میں شرکت کے لئے منتخب کیا گیا تھا جس میں انہوں نے تین روزہ کانفرنس میں ہونے والی مختلف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر اپنی صلاحیتوں کا خوب لوہا منوایا اور پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی۔ جس پر کانفرنس کی اختتامی تقریب میں عارف حسین کو انسانیت کی خدمت کے اعلٰی ایوارڈ سے نوازا گیا اور ساتھ میں انعام بھی دیا گیا۔ عارف حسین نے اس کانفرنس کے دوران 14 اگست کو کوریا میں یوم آزادی پاکستان بھی قومی جوش و جذبے سے مناکر تمام شرکاء کے سامنے اپنی حب الوطنی کا شاندار انداز میں اظہار کیا۔

ترجمان کے مطابق عارف حسین گزشتہ آٹھ سال سے ہلال احمر گلگت بلتستان کے ساتھ بطور رضاکار اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیں۔ عارف حسین نے اس سے قبل بھی ملکی سطح کے مختلف فورمز پر گلگت بلتستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے اعلٰی اعزاز حاصل کئے ہیں۔ عارف حسین کا تعلق دنیور گلگت سے ہے۔ ہلال احمر گلگت بلتستان کے چیئرمین محمد ولی اور صوبائی سیکرٹری نورالعین نے عارف حسین کو اس قدر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان، گلگت بلتستان اور ہلال احمر کا نام روشن کرنے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کو گلگت بلتستان کے رضاکاروں اور نوجوانوں کے لئے مشعل راہ قرار دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 480441
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش