0
Monday 31 Aug 2015 21:51

ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر ڈی جی سندھ رینجرز کو دوبارہ نوٹس جاری

ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر ڈی جی سندھ رینجرز کو دوبارہ نوٹس جاری
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر ڈی جی رینجرز کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ کو ڈاکٹر عاصم حسین کی گرفتاری کے خلاف ان کی اہلیہ زرین حسین کی درخواست کی سماعت کرنا تھی۔ زرین حسین نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کر رکھا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری غیر قانونی ہے، اس کے علاوہ وہ شوگر اور بلڈ پریشر سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہیں، اس لئے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ وکلا کی ہڑتال کے باعث زرین حسین کی درخواست کی سماعت نہ ہو سکی، اور عدالت نے ڈی جی رینجرز کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی ہیں، انہیں 26 اگست کو سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے اس وقت حراست میں لیا تھا، جب وہ سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، تاہم انہیں ایک روز بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرکے 90 روز کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 483205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش