0
Friday 4 Sep 2015 12:20

عابد شیر علی نے بلوچستان میں بجلی کی فراہمی بلوں کی ادائیگی سے مشروط کر دی

عابد شیر علی نے بلوچستان میں بجلی کی فراہمی بلوں کی ادائیگی سے مشروط کر دی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش رہی ہے کہ وہ توانائی کے شعبہ میں مزید بہتری لاکر صارفین کو بہتر سے بہترین سہولیات فراہم کرے۔ جو کہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی (PEPCO) کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر رسول، چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئر رحمت اللہ بلوچ، پیپکو، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (NTDC) اور کیسکو کے اعلٰی افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ اس وقت کیسکو کے صارفین کے ذمہ واجب الادا رقم دیگر کمپنیوں کی نسبت زیادہ ہے۔ جس میں سب سے زیادہ واجب الادا رقم زرعی صارفین کے ذمہ ہے۔ اس وقت صوبے میں بجلی کی کل طلب کا 75 فیصد سے زائد حصہ زرعی صارفین استعمال کر رہے ہیں، جبکہ اُن کی طرف سے ریکوری انتہائی مایوس کن ہے۔ اب زرعی کنکشنز پر جہاں میٹروں کی تنصیب نہیں ہو رہی ہے، اُن کے کنکشنز منقطع کرکے ٹرانسفارمر ضبط کر لئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں وزیراعلٰی بلوچستان سے خصوصی طور پر درخواست کرکے صوبائی و ضلعی سطح پر انتظامیہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انھوں نے صوبہ میں بجلی کے اوقات کار میں اضافہ کو ریکوری سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں صارفین کی جانب سے مثبت پیش رفت آنے کی صورت میں بجلی کی فراہمی کے اوقات کار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی نے کیسکو افسران کو سختی سے ہدایات کیں کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے اپنی پوری صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکوری کے اہداف حاصل کرنے کو یقینی بنائیں۔ عملی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے کرپٹ افسران اور اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کیسکو میں کرپٹ اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ تیار کرکے انھیں ایف آئی اے اور نیب کے حوالے کر دیا جائے گا، تاکہ کمپنی سے کالی بھیڑوں کا خاتمہ کرکے شفافیت کے عمل کو ممکن بنایا جاسکے۔ اس موقع پر پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی (PEPCO) کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر رسول نے بھی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی میں پرانی روش کو تبدیل کرتے ہوئے کارکردگی کی بنیاد پر کمپنی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے کوششیں کی جائیں۔ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے دیئے گئے احکامات پر عمل کرکے ریکوری کے اہداف اور بقایاجات کی وصولیابی کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ بصورت دیگر ان اہداف کے حصول کے لئے آوٹ سورس ذرائع استعمال کئے جاسکتے ہیں۔ قبل ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئر رحمت اللہ بلوچ نے صوبہ میں بجلی کی موجودہ صورتحال، لوڈشیڈنگ، بلوں کی وصولی، بجلی چوری، لائن لاسز اور واجب الادا رقم کے بارے میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 483912
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش